سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت آج 4 جولائی کو اے ٹی سی میں ہو گی
نجفی کمشن کی رپورٹ ملنے پر سمجھیں گے شریفوں کا احتساب شروع ہو گیا : خرم نواز گنڈا پور
ملزم پولیس افسران کی غیر حاضری کے باعث کیس کی کارروائی آگے نہیں بڑھ رہی: سیکرٹری جنرل PAT
عدالت سے استدعا کرینگے کہ غیر حاضر ملزمان کے وارنٹ جاری کیے جائیں، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ
لاہور (3 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک ہونے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے فیئر ٹرائل پر سمجھیں گے ادارے آزاد اور شریف برادران کا حقیقی احتساب شروع ہو گیا ۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت آج 4 جولائی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہو گی اور وکلاء پوری تیاری کے ساتھ پیش ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم پولیس افسران کی غیر حاضری کے باعث کیس کی کارروائی آگے نہیں بڑھ رہی اور انصاف کا عمل سست روی کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی قانونی پیشرفت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ نے کہا کہ پولیس کے سینئر افسران جو سانحہ ماڈل ٹاؤن میں براہ راست ملوث ہیں وہ عدالتی کارروائی کو سنجیدگی سے نہیں لے رہے، آج عدالت سے استدعا کریں گے کہ وہ ملوث پولیس افسران کی طلبی کیلئے وارنٹ گرفتاری جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاون ایک اہم کیس ہے جس میں حکومت کے ایماء پر پولیس نے 100 لوگوں کو گولیاں ماریں۔ انہوں نے کہا کہ کیس کے قانون اور انصاف کے مطابق فیصلے کیلئے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کو کیس کا حصہ بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کیلئے عدالت سے بھرپور تعاون کررہے ہیں مگر ملزمان اور پراسیکیوشن کا رویہ نامناسب ہے۔
تبصرہ