’’اشرافیہ‘‘ قانونی نہیں عوام کے جنونی دھکے سے جائے گی: عوامی تحریک
1 کروڑ نمازیوں کی صف بندی کا آغاز کر دیا، قوم کی قسمت بدلے گی، خرم نواز گنڈا پور
عوامی تحریک کے غیرت مند کارکنوں کی قائد سے محبت دنیاوی فوائد سے بالا ہے، گفتگو
لاہور (02 جولائی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ ’’اشرافیہ‘‘ قانونی نہیں عوام کے فیصلہ کن جنونی دھکے سے جائے گی۔ ’’شرفاء‘‘ کی رخصتی پر 99ء کی طرح پتہ بھی نہیں ہلے گا البتہ مٹھائی کی دکانیں ضرور خالی ہونگی۔ کرپٹ عناصر کو ریلیف دینے والوں کا تعلق سرکار کے نوکروں سے ہو یا سیاسی ایوانوں سے سب بھگتیں گے شریف برادران کا تا حیات نا اہل ہونا ملکی اور جمہوری مفاد میں ہے۔ 1 کروڑ نمازیوں کی صف بندی کا آغاز کر دیا قوم کی قسمت بدلے گی اور قاتل لٹیرے عبرت کا نشان بنیں گے۔ عوامی تحریک جانیں دینے والے غیرت مند کارکنوں کی جماعت ہے کارکنوں کی اپنے قائد سے محبت دنیاوی فوائد سے بالا اور نظریے پر ہے۔ اللہ کا شکر ہے عوامی تحریک کی صفوں میں کوئی ٹھگ، ابن الوقت اور ضمیر کا سودا کرنے والا نہیں۔ عوامی تحریک کے اخلاص پر مبنی سیاسی کلچر میں از خود تطہیر کا عمل جاری رہتا ہے، سب جانتے ہیں موج ہے دریا میں بیرون دریا کچھ نہیں۔ کارکنوں کا اتحاد اور قائد سے محبت عوامی تحریک کی سب سے بڑی قوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو خریدنے کیلئے 30 کروڑ روپے جاری کئے مگر 3 سال گزر جانے کے بعد قاتل شہدا کے ورثا کا جوتاتک نہ خرید سکے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔
دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی نے کہا ہے کہ سربراہ عوامی تحریک اچانک نہیں بلکہ طے شدہ شیڈول کے مطابق لندن گئے، جہاں انکی کچھ تنظیمی مصروفیات ہیں، سربراہ عوامی تحریک ناروے اور مصر میں بھی مختلف کانفرسز میں شریک ہونگے اور مختلف سکالرز سے ملاقاتیں کرینگے۔ ترجمان نے بتایا 3 جولائی کو برمنگھم یونیورسٹی چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین قادری کی اہلیہ ڈاکٹر غزالہ حسن قادری کو عائلی قوانین کے حوالے سے تاریخی مقالہ تحریر کرنے پر پی ایچ ڈی کی ڈگری دے گی اس ضمن میں خصوصی تقریب یونیورسٹی ہال میں ہو گی۔
تبصرہ