پاپائے روم کی طرف سے ڈاکٹر طاہرالقادری کیلئے خیر سگالی کا خط
خط مسیحی رہنما فادر فرانسس ندیم نے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران پہنچایا
مختلف مذاہب کے رہنماؤں کی سربراہ عوامی تحریک سے ملاقات، امن کیلئے کوششوں کو سراہا
لاہور (یکم جولائی 2017) مسیحی رہنما فادر فرانسس ندیم نے سربراہ عوامی تحریک سے انکی رہائش گاہ ملاقات کی اور پاپائے روم کی طرف سے عید کے حوالے سے خیر سگالی پر مبنی خصوصی خط پہنچایا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اس موقع پر منہاج القرآن انٹرفیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا، سکھ مذہب کے رہنما پروفیسر سردار کلیان سنگھ، فادر عنایت برناڈ، ریورنڈ سیموئیل نواب، سوامی سرو بھوما پنڈت بھگت لال بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری سے ملاقات کے دوران تمام مذاہب کے نمائندوں نے عید کے موقع پر اسلامیان پاکستان کو مبارکباد دی۔ اور عالمی بھائی چارہ کے فروغ کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کے قومی و بین الاقوامی کردار کو سراہا۔ مسیحی رہنماؤں نے کہا کہ آج اہل اسلام اور مسیحیت کے مابین مذہبی یگانگت وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے پاپائے روم کی طرف سے خیر سگالی کے جذبات کا خیر مقدم کیا اور بین المذاہب مکالمہ کووقت کا ناگزیر تقاضا قرار دیا۔ ڈائریکٹر انٹرفیتھ ریلیشنز منہاج القرآن سہیل احمد رضا نے تمام مذاہب کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام مذاہب ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور بین المذاہب رواداری کے فروغ کیلئے تمام مذہبی قائدین کا کردار قابل تحسین ہے۔
تبصرہ