جمشید دستی سرمایہ دار ہوتے تو 14 قتل بھی کر دیتے کوئی ہاتھ نہ لگاتا: عوامی تحریک
پانی کا رخ کسانوں کی طرف پھیرنے والا گرفتار خزانے کا رخ پانامہ کی طرف موڑنے والے دندناتے پھر رہے ہیں
لاہور (12 جون 2017ء) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ جمشید دستی سرمایہ دار ہوتے تو 14 قتل بھی کر دیتے تو کوئی ادارہ انہیں ہاتھ نہ لگاتا۔ جمشید دستی نے پانی کا رخ غریبوں کی طرف پھیرا تو گرفتار کر لئے گئے جنہوں نے قومی خزانے کا رخ پانامہ اور لندن کے مے فیئر فلیٹس کی طرف پھیرا وہ دندناتے پھر رہے ہیں۔انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں دو قانون ہیں ایک طاقتوروں کیلئے اور ایک غریبوں کیلئے۔ غریب قتل کی ایف آئی آر درج کروانے میں کامیاب بھی ہو جائے تو کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آتی اور طاقتور کے ایک ٹیلی فون پر بے گناہ جیلوں میں عمر بھر گلتے سڑتے رہتے ہیں۔ بشارت جسپال نے کہا کہ گزشتہ دنوں شیخ رشید کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا وہ بھی حکمرانوں کی روایتی انتقامی سوچ کا مظہر تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمشید دستی کو رہا کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کے نام پر ملک میں نیکی اور بدی کی جنگ ہو رہی ہے۔ انشا اللہ جلد یا بدیر فتح نیکی کی ہو گی اور قاتل، لٹیرے اپنے انجام کو پہنچیں گے۔
تبصرہ