پاکستان کو ملک دشمن حکمرانوں سے واہ گزار کروانا ہر شہری پر فرض ہے: ڈاکٹر طاہرالقادری
دھن، دھونس اور دھاندلی سے بننے والی حکومت اپنی حیثیت کھو چکی ہے
غریب عوام کو ظلم کے نظام سے نجات دلانے کے لیے لڑتا رہوں گا: اجلاس سے خطاب
شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون رائیگاں نہیں جائیگا، کور کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہوگا
لاہور (12 جون 2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے تازہ ترین قانونی پیش رفت کے بارے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو آگاہ کیا، وکلاء نے ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کو بتایا کہ استغاثہ کی منظوری کے بعد اب تک 10 سے زائد تاریخیں پڑ چکی ہیں مگر کوئی ذمہ دار پولیس افسر انسداد دہشت گردی کورٹ میں حاضر نہیں ہوا، عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے اس اہم اجلاس میں کور کمیٹی کے ممبران خرم نواز گنڈا پور، فیاض وڑائچ، احمد نواز انجم، نور اللہ صدیقی اور ساجد بھٹی شریک تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے وکلاء کی بریفنگ کے بعد سانحہ ماڈل ٹاؤن پر قانونی پیش رفت کے حوالے سے کور کمیٹی کے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جس ملک میں اجتماعی قتال پر بھی قانون حرکت میں نہ آئے اس ملک اور معاشرے کے مستقبل کو تابناک نہیں کہا جاسکتا، پاکستان کو قاتلوں، غاصبوں اور ملک دشمن حکمرانوں سے واہ گزار کروانا ملک کے ہر شہری پر فرض ہے، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار حکمرانوں کا کڑا احتساب ہوگا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیں گے، انہوں نے کہا کہ غریب عوام کو ظلم کے نظام سے نجات دلانے کے لیے لڑتا رہوں گا، شہدائے ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لیے قانون اور عوام کی عدالت میں جنگ لڑرہے ہیں جو قصاص تک جاری رہے گی، انہوں نے کہا کہ دھن، دھونس اور دھاندلی سے بننے والی حکومت اپنی حیثیت کھو چکی ہے، حکمرانوں کو قانون اور عوامی عدالت کا سامنا کرنا ہوگا۔ کور کمیٹی کا اجلاس آج پھر ہوگا، وکلاء سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے سربراہ عوامی تحریک کو مزید بریفنگ دیں گے۔
تبصرہ