ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد کی خبر ملتے ہی ن لیگ کے ڈھولچی متحرک ہو گئے : ترجمان عوامی تحریک
خون لیگ کے لیڈر جانتے ہیں وہ کسی اور کیس میں نہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں لٹکیں گے
لاہور (11 جون 2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے ترجمان نے کہا ہے کہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہرالقادری کی آمد کی خبر ملتے ہی قاتل برادران کے طوطے اڑ گئے اور طلال چوہدری جیسے ڈھولچی متحرک ہو گئے، پانامہ کے چوروں کے دستر خوان پر پلنے والے ڈاکٹر طاہرالقادری پر انگلی اٹھاتے اچھے نہیں لگتے، ڈاکٹر طاہرالقادری کے دامن پر ملکی خزانے میں ہیر پھیر کرنے کا کوئی الزام نہیں ہے۔ انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت لاکھوں غریب خاندانوں کے بچوں پر اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولے اور انہیں ایک مفید شہری بننے کے حوالے سے مدد فراہم کر رہے ہیں جبکہ کرپٹ اشرافیہ کی لوٹ مار کے باعث کروڑوں بچے تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، ترجمان نے کہا کہ ن لیگ کا ڈھولچی گروپ اپنے آقاؤں سے بخشیش لینے کیلئے ہروقت ہر حد تک گر نے کیلئے تیار رہتا ہے۔ ترجمان نے حکومتی بزرج مہروں کی ہرزہ سرائی اور یاوہ گوئی پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ’’خون لیگ‘‘ کے لیڈروں کی آنکھوں کے سامنے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے بے گناہوں کا خون ہے اور انہیں علم ہے کہ وہ کسی اور کیس میں نہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں لٹکیں گے اسی خوف کے باعث انہوں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ دبا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بالاخر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ منظر عام پر آئے گی اور قاتل اپنے انجام سے دوچار ہونگے۔ ترجمان نے کہا کہ قاتل ٹولے نے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء کو خریدنے کیلئے کروڑوں کی آفرز کیں جو انہوں نے پاؤں کی ٹھوکر سے مسترد کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کا ہر کارکن انصاف بشکل قصاص کیلئے آخری سانس تک لڑے گا اور ان شا اللہ تعالیٰ قاتلوں کی ہار اور مقتولوں اور مظلوموں کی جیت ہو گی۔
تبصرہ