سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت کل انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہو گی
سانحہ میں ملوث غیر حاضر پولیس افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کروانے کی استدعا کرینگے : وکلاء عوامی تحریک
حکمران پانامہ لیکس سے بچ سکتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نہیں بچ سکیں گے، خرم نواز گنڈا پور
لاہور (6 جون 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کی سماعت کل انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہو گی۔ سانحہ میں ملوث غیر حاضر پولیس افسران کے وارنٹ گرفتاری جاری کروانے کی استدعا کرینگے۔ وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قانونی پہلوؤں پر گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، اشتیاق چوہدھری ایڈووکیٹ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ، ناصر اقبال ایڈووکیٹ، یاسر ملک ایڈووکیٹ و دیگر وکلاء موجود تھے۔
خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ مسلسل 9 تاریخوں پر بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث پولیس افسران حاضر نہیں ہوئے جبکہ سانحہ کا ماسٹر مائینڈ سابق آئی جی پنجاب سٹے آرڈر کے پیچھے چھپا ہوا ہے، ایک تصویر پر واویلا کرنیوالے حکمران ماڈل ٹاؤن کے 14 معصوم شہریوں کے قاتل ہیں۔ عوامی تحریک کے بے گناہ کارکن 3 سالوں سے تاریخیں بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکمران پانامہ لیکس سے تو بچ سکتے ہیں لیکن سانحہ ماڈل ٹاؤن میں سزا سے نہیں بچ سکیں گے، ہم عدالت میں قانونی جنگ لڑ رہے ہیں، ظلم کی اس کالی رات کا خاتمہ ہو گا، قاتل اور لٹیرے حکمران جیلوں میں نظر آئینگے۔ ماڈل ٹاؤن کے شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف ملنے کی توقع نہیں، کیونکہ ماڈل ٹاؤن میں لاشیں گرانے والے حکمران انصاف کے راستے کی سب سے بڑی دیوار ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ قانون اور عوام کی عدالت میں انصاف کیلئے جنگ لڑتے رہینگے، انصاف لینے کیلئے آخری حد تک جائینگے۔
تبصرہ