جے آئی ٹی رپورٹ سے قبل باقر نجفی کمیشن رپورٹ پبلک کی جائے: ڈاکٹر حسن محی الدین
ماڈل ٹاؤن کی خون آلود تصویروں پر آنکھیں بند رکھنے والوں کو ایک تصویر نے انسانی حقوق یاد دلا دیے
سی ڈبلیو سے کے اجلاس میں لندن دہشتگردی کی مذمت، لوڈشیڈنگ مہنگائی کے خلاف قراردادیں منظور
کرپشن کے میگا سکینڈلز میں زیر تفتیش حکومتی ٹولہ ریلیف کیلئے غیر ملکی آقاؤں کی طرف دیکھ رہا ہے، رہنما
لاہور (5 جون 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنما چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی سینکڑوں خون آلود تصویروں پر آنکھیں بند رکھنے والے قاتل حکمرانوں کو ٹھنڈے کمرے کی ایک تصویر نے انسانی حقوق یاد دلا دیے، سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں پاناما لیکس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی مفصل رپورٹ سے قبل جسٹس باقر نجفی جوڈیشل کمیشن کی مرتب شدہ رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا، اجلاس میں لندن دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی، اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے بدترین لوڈشیڈنگ اور اشیائے خورونوش کی آؤٹ آف کنٹرول قیمتوں کو حکومت کی ناکامی قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
اجلاس میں بریگیڈیئر (ر) محمد اقبال، جی ایم ملک، سیدا لطاف حسین شاہ، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، جواد حامد، مرتضیٰ علوی، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، فرح ناز، شہزاد رسول، حافظ غلام فرید، یوتھ لیگ اور ایم ایس ایم کے رہنماؤں نے شرکت کی۔
سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نوراللہ صدیقی نے کہا کہ سرکاری تنخواہ اور عوام کے خون پسینے کے ٹیکسوں کی کمائی سے مراعات لینے والی مریم اورنگزیب ایک خاندان کی ذاتی نوکر بنی ہوئی ہیں، مریم اورنگزیب سانحہ ماڈل ٹاؤن کی شہیدہ شازیہ مرتضی اور تنزیلہ امجد کی تصاویر دیکھیں جنہیں 17 جون 2014ء کے دن مرد اہلکاروں نے قریب سے چہروں پر گولیاں برسا کر شہیدکیا اور موجودہ حکمرانوں کی ’’نازی فورس‘‘ نے باریش بزرگوں کے سروں پر ڈنڈے برسائے اور ان کی ہڈیاں توڑیں اور 100 لوگوں کو خون میں نہلایا، مریم اورنگزیب یہ تصاویر بھی دیکھیں۔ سیاسی کارکنوں کا جینا محال کرنے والے حکمران قانون، اخلاقیات، جمہوری روایات اور انسانی حقوق کی باتیں کرتے اچھے نہیں لگتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے میگا سکینڈلز میں زیر تفتیش حکومتی ٹولہ ریلیف کیلئے غیر ملکی آقاؤں کی طرف دیکھ رہا ہے۔
تبصرہ