سٹاک مارکیٹ کے مصنوعی بحران کے پیچھے ’’حکومتی جواری‘‘ ہیں، خرم نواز گنڈاپور
تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ شریف اقتدار کو کچھ ہوا تو بہت نقصان ہو گا
کرپشن کے مگر مچھ، مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں، ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب باقی ہے
لاہور (4 جون 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سٹاک مارکیٹ کے حالیہ مصنوعی بحران کے پیچھے حکومتی جواری ہیں جنہوں نے راتوں رات چھوٹے سرمایہ کاروں کے کھربوں ہڑپ کر لئے، مصنوعی بحران کے ذریعے تاثر دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اگر شریف اقتدار کو کچھ ہوا تو بہت نقصان ہو جائے گا۔ مافیا اپنی چمڑی اور دمڑی بچانے کیلئے کسی حد تک بھی جا سکتا ہے۔ جے آئی ٹی کے ممبرز پر عدم اعتماد، وٹس ایپ کال ڈرامہ کے بعد سٹاک مارکیٹ کی ’’کرپشن لینڈنگ‘‘ جے آئی ٹی پر تیسرا بڑا حملہ ہے۔ وہ پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ چند گھنٹوں کی تفتیش نے حسن، حسین کی سانسیں پھُلا دیں۔ کرپشن کے مگر مچھ، مگر مچھ کے آنسو نہ بہائیں ابھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کا حساب باقی ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہم اب بھی سمجھتے ہیں کہ جے آئی ٹی سے کچھ نہیں نکلے گا۔ نواز حکومت ایک مافیا ہے یہ کوئی نہ کوئی عالمی کارڈ کھیلیں گے اور احتساب اور تفتیش کے عمل کو بریک لگوائیں گے۔ اس ملک میں احتساب کے کلچر کو پروان چڑھنے ہی نہیں دیا گیا۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ حسن، حسین کے والد اور چچا نے ماڈل ٹاؤن میں 100 لوگوں کو گولیاں مروائیں، 14 کو شہید کیا۔ الٹا مقدمہ بھی شہداء کے ورثا کے خلاف درج کروا دیا جو 3 سال سے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیشیاں بھگت رہے ہیں۔ چند گھنٹوں کی تفتیش پر ماتم کرنے والے اپنے خاندانی مظالم بھی ذہن میں رکھیں۔ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے بے گناہ ورثاء 3 سالوں میں 243 پیشیاں بھگت چکے ہیں۔ ایک کارکن انہی پیشیوں کے دوران خالق حقیقی سے جا ملا۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان کا بچہ بچہ سن لے شہدائے ماڈل ٹاؤن کے یتیم بچوں کی آہیں قبر میں بھی انکا پیچھا نہیں چھوڑیں گی۔ یزید، فرعون، نمرود کی گرفت کا اللہ نے ایک دن مقرر کر رکھا ہے اور وقت کے یزیدوں اور قاتلوں کا بھی ایک دن مقرر ہے۔ انہوں نے کہاکہ شریف خاندان پاکستان کی تاریخ میں ایک عبرتناک باب بنے گا۔
تبصرہ