شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قصاص سے قانون کی بالادستی قائم ہو گی : ڈاکٹر طاہرالقادری
عوامی تحریک کے 28 ویں یوم تاسیس پر کارکنوں کو تنظیم سازی، عام انتخابات کی تیاریوں کی ہدایت
اشرافیہ کی جمہوریت نے کرپشن، دہشتگردی، نا انصافی، اقرباء پروری کو جنم دیا، کور کمیٹی سے خطاب
عوامی تحریک کے پاس ملک کو توانائی کے بحران اور قرضوں کی دلدل سے نکالنے والے بہترین دماغ ہیں
لاہور (24 مئی2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے عوامی تحریک کے 28 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سنٹرل کور کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے قصاص لے کر پاکستان میں انصاف اور قانون کی عملداری قائم کریں گے۔ اشرافیہ کی جمہوریت نے کرپشن، دہشتگردی، نا انصافی، اقرباء پروری اور تفرقہ بازی کو جنم دیا، کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو بری طرح نقصان پہنچایا، پاکستان کو عالمی اور علاقائی تنہائی کی طرف دھکیل دیا اور ایٹمی پاکستان کو قرضوں کی دلدل بنا دیا۔
انہوں نے28 ویں یوم تاسیس کے موقع پر ملک بھر کے کارکنان اور عہدیداروں کو پیغام دیا کہ عوامی تحریک کو گراس روٹ پر آرگنائز کریں اور وارڈ کی سطح پر تنظیم سازی کے عمل کو بلاتاخیر مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیا جائے گا، کارکن تیاریاں شروع کر دیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک انقلاب اور تبدیلی کی واحد سیاسی قوت ہے۔ عوامی تحریک کے پاس ایسے دماغ ہیں جو پاکستان کو توانائی کے بحران اور قرضوں کی دلدل سے نکالنے کے ساتھ ساتھ اسے نوجوانوں کی مدد سے ایک خوشحال اور فلاحی مملکت بنا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک کے کارکنوں کی قربانیوں اور بیداری شعور مہم کے باعث آج قاتل اور قومی لٹیرے بے نقاب ہو رہے ہیں اور چمڑی، دمڑی بچانے کی آخری ناکام کوششوں میں مصروف ہیں۔ قومی لٹیرے بہت جلد اپنے انجام سے دوچار ہونگے۔
انہوں نے کہا کہ 25 مئی 1989 کو ایک جدید اسلامی، فلاحی، جمہوری معاشرے کے قیام کیلئے عوامی تحریک کی بنیاد رکھی تھی۔ الحمدللہ 28 سالہ اس انقلابی سفر کے باعث محب وطن اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کی ایک ایسی کھیپ تیار کر دی ہے جو کسی بھی حالت میں اس ظلم کے نظام کے ساتھ کمپرومائز پر تیار نہیں انشا اللہ یہی نوجوان وطن عزیز کو قائداعظم محمد علی جناح رحمۃ اللہ علیہ اور علامہ محمد اقبال رحمۃ اللہ علیہ کا پاکستان بنائیں گے اور یہ دن اب زیادہ دور نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ظلم کے نظام کے خاتمے کیلئے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں شہادتیں دیں، لانگ مارچ کئے، دھرنے دیئے۔ شہر شہر ریلیاں نکالیں، دھاندلی زدہ انتخابی نظام کو بے نقاب کیا۔ مک مکا کے منفی سیاسی کلچر کے خلاف آواز بلند کی، ادارہ جاتی کرپشن کے خاتمے کیلئے بھرپور سیاسی کردار ادا کیا۔ عوام کو مسائل اور قومی جسم کو لاحق امراض کے بارے میں آگاہی دی، ہماری اسی جدجہد کے نتیجے میں آج عوام استحصالی قوتوں کے خلاف اپنی نفرت کا اظہار کر رہے ہیں۔
تبصرہ