حکمران پانامہ، ڈان لیکس جے آئی ٹیز کو دھوکہ دے سکتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے نہیں بچ سکتے: ڈاکٹر حسن محی الدین
سنٹرل ورکنگ کونسل اجلاس میں باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کرنے کی قرار داد منظور
عوامی تحریک انصاف کیلئے قانونی جنگ جاری رکھے گی : سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (15 مئی 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنماء چیئرمین سپریم کونسل تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین نے سنٹرل ورکنگ کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران پانامہ لیکس اور ڈان لیکس کی جے آئی ٹی کو دھوکہ دے سکتی مگر سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس سے نہیں بچ سکتے، انہیں 14 بے گناہوں کے خون کا حساب دینا پڑے گا۔ سنٹرل ورکنگ کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، صدارت چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین نے کی۔ اجلاس میں امیر تحریک صاحبزادہ فیض الرحمن درانی، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور، بریگیڈیئر (ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، رفیق نجم، مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، جواد حامد، ساجد بھٹی، علامہ فرحت حسین شاہ، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، علامہ رانا ادریس، سید امجد علی شاہ و دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ایک قرارداد کے ذریعے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے جسٹس باقر نجفی کمشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سانحہ ماڈل ٹاؤن استغاثہ کیس کے حوالے سے ہاں میں ہاں ملانے والے جج کو تلاش کر رہی ہے، اسی لئے کئی ججز کو تبدیل کیا گیا۔ پولیس نے جن اہلکاروں کو فائرنگ کا ملزم ٹھہرایا تھا انہیں بھی ضمانتوں پر رہا کر کے عہدوں پر بحال کر دیا گیا، کیا یہ انصاف کا نظام ہے؟ بے گناہوں کا خون بہانے والے جتنے بھی حیلے بہانے کر لیں بچ نہیں سکیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک انصاف کے حصول کیلئے قانونی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے اور اسے منطقی انجام تک بھی پہنچائیں گے۔
تبصرہ