لوڈشیڈنگ کے پیچھے سیاست، نااہلی اور کرپشن ہے: عوامی تحریک
وزیراعلیٰ کا یہ بیان مضحکہ خیز ہے کہ لوڈشیڈنگ کے پیچھے کچھ بدنیت اور شرارتی ہیں
وزیراعلیٰ اپنے دعویٰ میں سچے ہیں تو ان بدنیتوں کے نام بے نقاب کریں اور انہیں سزائیں دیں
18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ نے نظام زندگی مفلوج کر دیا، بدنیت ایوانوں میں بیٹھے ہیں، بشارت جسپال و دیگر
لاہور (13 مئی 2017) عوامی تحریک نے وزیراعلیٰ پنجاب کے اس بیان کہ ’’بدنیت لوگوں نے حکومت کو بدنام کرنے کیلئے لوڈشیڈنگ بڑھا دی‘‘ کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ کے پیچھے کوئی اور نہیں حکمرانوں کی نااہلی اور کرپشن ہے، عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران بشارت جسپال، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر اور فیاض وڑائچ نے وزیراعلیٰ کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب مصنوعی لوڈشیڈنگ کر کے حکومت کو بدنام کرنے والے ان بدنیتوں اور شرارتیوں کو بے نقاب کریں جنہوں نے محض حکومت کو بدنام کرنے کیلئے 19 کروڑ عوام کو شدید گرمی میں اذیت میں مبتلا کررکھا ہے اور ایسے عناصر کو کڑی سزا دی جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کہتے ہیں لوڈشیڈنگ میں اضافہ کے پیچھے کچھ بدنیت ہیں جبکہ ترجمان وفاقی وزارت پانی و بجلی کا تحریری موقف ہے کہ بجلی کی لوڈمینجمنٹ شیڈول کے مطابق ہے کون جھوٹا اور کون سچا ہے حکمران پہلے آپس میں بیٹھ کر اس کا تعین کر لیں۔ رہنماؤں نے کہا کہ شریف برادران نے لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی منصوبوں کے نام پر صرف سیاست اور کرپشن کی، وزیراعلیٰ پنجاب 8 سال سے لوڈشیڈنگ کے نام پر قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں جبکہ آج لوڈشیڈنگ 2013ء سے بڑھ چکی ہے، شہروں میں 10 سے 12 اور دیہات میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔ لوگ مررہے ہیں، نظام زندگی معطل ہوچکا ہے، ہسپتالوں میں مریض اور گھروں میں بزرگ اور بچے تڑپ رہے ہیں، طالب علم پڑھنے سے عاجز آچکے ہیں، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کی مشکلات اور بیروزگاری علاوہ ہے جبکہ وزیراعلیٰ نے بڑے آرام سے کہہ دیا کہ کچھ شرارتی حکومت کو بدنام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدنیت اور شرارتی کہیں اور نہیں حکومتی ایوانوں میں بیٹھے ہیں۔ بشارت جسپال نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بجلی کے جس منصوبے کو اپنے ہاتھ میں لیا اس کی بربادی ہو گئی، نندی پور پاور پراجیکٹ کے بعد قائداعظم سولر پارک بھی دھوکہ ثابت ہوا اب جسے اونے پونے بیچنے کی کوشش ہورہی ہے۔ فیاض وڑائچ نے کہا کہ بہت جلد ساہیوال کول پاور کا ڈرامہ بھی بے نقاب ہو جائیگا، انہوں نے کہا کہ شریف برادران نے مئی 2013ء کی انتخابی مہم میں عوامی جذبات سے کھیلتے ہوئے لوڈشیڈنگ ختم کرنے کا دعویٰ کیا تھا مگر اقتدار میں آنے کے بعد ان کی ساری توجہ لندن کے محلات کو قانون کی نظر سے چھپانے، موٹرویز، اورنج لائن اور میٹرو منصوبوں کے ذریعے مزید لوٹ مار پر مرکوز رہی، ڈاکٹر ایس ایم ضمیر نے کہا کہ ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر ثمرمبارک مند شریف حکومت کی بجلی کے منصوبوں کے نام پر کرپشن بے نقاب کر چکے ہیں۔ انہوں نے دو ٹوک انداز میں بتایا کہ سستی بجلی کے منصوبوں کے راستے میں رکاوٹ بااثر عناصر حکومت میں بیٹھے ہیں جو نہیں چاہتے کہ 26 روپے فی یونٹ والی بجلی کی بجائے 6 روپے یونٹ والی بجلی کے منصوبے لگیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران ملک و قوم کے حال پر ترس کھائیں اور پراپیگنڈا کے ذریعے خود کو صادق اور امین کہلوانا ترک کر دیں اور لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے بجلی کے سستے منصوبوں کو لگنے دیں اور اشتہاروں کے ذریعے خزانے کو نقصان پہنچانا اور عوام کو دھوکا دینا بند کر دیں۔
تبصرہ