نواز شریف سیکیورٹی رسک، مفادات دیار غیر میں ہیں : ڈاکٹر طاہرالقادری
نیوز لیکس کے ذمہ دار وزیراعظم بکروں کی قربانی دیکر جان چھڑانا چاہتے ہیں
وزیراعظم بے قصور ہوتے تو ذمہ داروں کو سزا دینے میں لیت و لعل سے کام نہ لیتے
لاہور (29 اپریل 2017) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے نیوز لیکس کے حوالے سے حکومت کے اقدام اور فوج کے ردعمل پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے حوالے سے شریف حکومت کا مجرمانہ کردار ایک بار پھر کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ متنازعہ خبر کے پیچھے کوئی اور نہیں وزیراعظم خود ہیں، وزیراعظم بے قصور ہوتے تو رپورٹ آنے میں اتنی تاخیر ہوتی اور نہ ذمہ داروں کو سزا دینے کے حوالے سے لیت و لعل سے کام لیا جاتا، انہیں علم ہے کسی بکرے پر تیز چھری چلائی تو وہ ماسٹر مائنڈ کا نام اُگل دے گا۔ نواز شریف سیکیورٹی رسک ہیں، انکے مفادات دیار غیر میں ہیں، نواز شریف کے معاشی قومی جرائم سے صرف نظر کرنے والے ملک و قوم کو بڑی مصیبت سے دوچار کر دیں گے، مکمل سفارشات پر عمل نہ کر کے حکومت نے ایک اور جرم کیا۔
انہوں نے کہا کہ بکروں کی قربانی دے کر اپنی کھال بچانا شریف برادران کا طریقہ واردات ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ بکروں کی ماں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم حلف اٹھاتے وقت قومی رازوں کے تحفظ کا بھی حلف اٹھاتا ہے اور حلف کی خلاف ورزی کی سزا نا اہلی ہے اور وزیراعظم اس نا اہلی کے مرتکب ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی کے خلاف اقدام کسی اور ملک میں ہوا ہوتا تو ذمہ داروں کی لاشیں پھانسی کے پھندوں پر جھول رہی ہوتیں، جس ملک کی سیکیورٹی غیر محفوظ ہو وہ ملک ترقی کیسے کر سکتا ہے؟
انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ ای اینڈ ڈی رولز 1973 (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) کے تحت ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا اعلان حکومت کا سنگین مذاق ہے اس ایکٹ کے تحت سرکاری ملازموں کے خلاف ڈسپلن کی خلاف ورزی پر کارروائی ہوتی ہے، یہ ڈسپلن نہیں قومی سلامتی کے ساتھ کھیلنے کی واردات ہے اور یہ واردات وزیراعظم ہاؤس کے اندر سے ہوئی اور اسکے ماسٹر مائنڈ وزیر اعظم خود ہیں۔ دیکھتے ہیں سلامتی کے ساتھ کھیلنے والوں کا محاسبہ کب اور کس طرح ہوتا ہے۔
تبصرہ