جنوبی پنجاب کے غریب بجلی صارفین کو مپیکو لوٹ رہا ہے: فیاض وڑائچ
مارچ میں 2 سو یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو کروڑوں
کے اضافی بل بھجوائے گئے
جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں کی بجائے بل دینے والوں کو سزا مل رہی ہے، صدر جنوبی پنجاب
عوامی تحریک
لاہور
(10 اپریل 2017) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری
فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے غریب بجلی صارفین کو مپیکو لوٹ رہا ہے، مارچ
میں رحیم یار خان میں 200 یونٹ سے کم بجلی صارفین کو 15 ملین کی اووربلنگ کی گئی یہ
اووربلنگ میپکو کے ریکارڈ سے ثابت ہے، واپڈا ظلم نہ کرے۔ غریب خاندان اپنا پیٹ کاٹ
کر بجلی کے بل ادا کرتے ہیں۔ بجلی چوروں کی سزا بل دینے والوں کو نہ دی جائے۔ وہ جنوبی
پنجاب میں مختلف اضلاع کے رہنماؤں اور کارکنوں کے وفود سے بات چیت کررہے تھے۔ انہوں
نے کہا کہ بہاولپور، ملتان، مظفر گڑھ، راجن پور میں لوڈشیڈنگ 12 گھنٹے سے بھی بڑھ چکی
ہے، دیہات میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16 گھنٹے سے بڑھ چکا ہے۔ واپڈا ظلم کرنے والا محکمہ
بن چکا ہے۔ چوروں اور لٹیروں کے ڈیروں پر چوری کی بجلی استعمال ہورہی ہے اور حق حلال
کی کمانے اور کھانے والوں کو اووربلنگ کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اووربلنگ کی شکایت
لے کر غریب صارفین متعلقہ دفاتر میں جاتے ہیں تو انہیں کہا جاتا ہے کہ یہ اوپر والوں
کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر پانی و بجلی اور سٹیٹ منسٹر صبح دوپہر
شام منہ ٹیڑھے کر کے ٹی وی چینلز پر کان کھاتے ہیں مگر انہیں اپنے محکمے کا ظلم اور
ناانصافی نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ رحیم یارخان کے شہریوں
سمیت اووربلنگ کا شکار شہریوں کو اضافی رقم واپس کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا کے
ظلم کے خلاف شہری کنزیومرز کورٹس سے رجوع کریں۔
تبصرہ