کرپشن کے میگا سکینڈلز میں تفتیش نہیں صرف سیٹلمنٹ ہوتی ہے : بشارت جسپال
ہر علی بابا نے چالیس چوروں کو ’’بکل‘‘ میں چھپا رکھا ہے: عوامی تحریک پنجاب
بھارت کی آبی دہشتگردی کا معاملہ پوری طاقت کے ساتھ اٹھایا جائے : تنظیمی اجلاس سے خطاب
لاہور (20 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ کرپشن کے میگا سکینڈلز میں تفتیش نہیں سیٹلمنٹ ہوتی ہے۔ ملکی خزانے کی پکڑی جانے والی سب سے بڑی چوری پانامہ کے ملزمان کو بلا کر یہ پوچھنے کی زحمت بھی نہیں کی گئی کہ لندن فلیٹس کی خریداری کیلئے جو پیسہ استعمال ہوا اس کی منی ٹریل اور دستاویزی ثبوت دیں۔ کیا موبائل، سائیکل چوری کے ملزم کے ساتھ یہی برتاؤ ہوتا ہے جو پانامہ کے چوروں کے ساتھ ہوا؟ وہ عوامی تحریک کے تنظیمی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے پورے ریاستی ڈھانچے کو یر غمال بنا رکھا ہے۔ سندھ کے سابق وزیر کا یہ کہناکیسے نظر انداز کیا جائے کہ پنجاب کے وزیروں کی کمشن خوری کی فلمیں چلتی ہیں مگر نیب بل میں گھس جاتا ہے جب کہ باقیوں کیلئے حرکت میں آ جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں قاتلوں، چوروں، ڈاکوؤں کے درمیان دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ گہری ہو رہی ہے جبکہ قیمت صرف عوام چکا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں پاکستانی دریاؤں پر ڈیم بنانے والا معاملہ اٹھایا جائے اور پوچھا جائے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزیاں کیوں کر رہا ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف آبی دہشتگردی کر رہا ہے۔ پاکستان کو ریگستان بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ حکومت اس معاملہ کو پوری طاقت کے ساتھ اٹھائے۔ یہ محض سیاسی نہیں پاکستان کی بقا اور خوشحالی کا معاملہ ہے۔
تبصرہ