وزیراعلیٰ بتائیں غریبوں کے دانش سکول اور آشیانہ سکیمیں کہاں گئیں؟ عوامی تحریک
محرومیوں کا ذمہ دار کوئی اور نہیں محمد رفیع اور حبیب جالب سے
مماثلت رکھنے والے ہیں: فیاض وڑائچ
پنجاب پر طویل ترین حکمرانی کرنے والوں نے اعتراف کر لیا 90فیصد پاکستانی وسائل سے
محروم ہیں
300 ارب کے اورنج ٹرین منصوبے کا جنوبی پنجاب کے بیروزگاروں کو کیا فائدہ؟ بشارت جسپال
پسے ہوئے طبقہ کو مزید پیسنے والی اشرافیہ ایوانوں میں بیٹھی ہے: بریگیڈیئر (ر) محمد
مشتاق
لیپ ٹاپ باٹنے سے شرح خواندگی کتنی بڑھی: عوامی تحریک کے رہنماؤں کا اجلاس سے خطاب
لاہور (16 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے رہنماؤں بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق نے کہا ہے کہ پنجاب پر طویل ترین حکمرانی کرنے والوں نے بالآخر اپنی زبان سے اعتراف کر لیا 90فیصد پاکستانیوں کے پاس وسائل نہیں، ان محرومیوں کا ذمہ دار کوئی اور نہیں حبیب جالب کی غزلیں پڑھنے اور محمد رفیع سے مماثلت رکھنے والے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار رہنماؤں نے یہاں تنظیم سازی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
بشارت جسپال نے کہا کہ پسے ہوئے طبقہ کے درد میں مبتلا وزیراعلیٰ پنجاب بتائیں غریبوں کے منصوبوں دانش سکول اور آشیانہ ہاؤسنگ سکیمیں کہاں ہیں؟ 300 ارب کے اورنج لائن لاہور منصوبے کا جنوبی پنجاب کے بے روزگار پڑھے لکھے نوجوانوں کو کیا فائدہ؟ پسے ہوئے طبقہ کو مزید پیسنے والی اشرافیہ ایوانوں میں بیٹھی ہے لیپ ٹاپ باٹنے سے شرح خواندگی کتنی بڑھی؟ یہ بھی قوم کو بتایا جائے۔ سپریم کورٹ کے معزز ججز کا یہ کہنا 100 فیصد درست ہے کہ حکومت کو ٹھیکے پر دے دینا چاہیے۔ قوم کی نظریں پاناما کے فیصلے اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس پر ہیں۔ جن حکمرانوں کا دامن کرپشن اور بے گناہ انسانی خون سے داغدار ہو وہ ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتے۔
جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں اس وقت دھول اڑ رہی ہے۔ ہسپتال دوائیوں سے خالی ہیں۔ تھانوں میں انسانیت کی تذلیل ہورہی ہے۔ میٹرو بس ملتان منصوبہ ایک لالی پاپ تھا صرف لاہور کے میٹرو بس منصوبہ کو ’’جائز‘‘ قرار دینے کیلئے ملتان کے عوام سے کھیل کھیلا گیا۔ جنوبی پنجاب کے عوام کو ہسپتالوں میں ڈاکٹر اور دوائیاں اور سکولوں میں بنیادی سہولتیں اور استاد چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ جرنیلوں کی مہربانی سے سیاست میں آنے والے جرنیلوں پر انگلیاں اٹھاتے اچھے نہیں لگتے۔
بریگیڈیئر (ر) محمد مشتاق نے کہا کہ حکمران سڑکوں پر قومی دولت خرچ کررہے ہیں انسانوں پر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن دو ایسے کیس ہیں جن کے بعد موجودہ حکمرانوں کے پاس ایوانوں میں بیٹھنے کا کوئی اخلاقی قانونی جواز نہیں۔
تبصرہ