وزیر دفاع اعتراف کریں نظام تباہ کرنے میں ان کے لیڈر کا مرکزی کردار ہے: عوامی تحریک
25 سال قبل جس ’’ریاست‘‘ نے بندوقیں دیں اس کے کرتا دھرتا بھی آج کے حکمران تھے
بلدیاتی ادارے مضبوط کرنے کے نیک کام کی ابتدا پنجاب سے کیوں نہیں کی جاتی؟
دشمن صرف بھارت ہے وزیر دفاع اس پر اپنے وزیر اعظم کو بھی قائل کریں، بشارت جسپال
لاہور (12 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ وزیر دفاع 25 سال قبل جس ریاست کی طرف سے شہریوں کو بندوقیں پکڑانے کا انکشاف کر رہے ہیں اس ’’ریاست‘‘ کے کرتا دھرتا بھی آج کے حکمران تھے۔ وزیر دفاع ’’کھلے دل‘‘ کی بات کر رہے ہیں تو پھر وہ کھلے دل کے ساتھ یہ اعتراف بھی کریں کہ ملکی اداروں کو غیر فعال اور نظام تباہ کرنے میں خواجہ آصف کے لیڈروں نے مرکزی کردار ادا کیا، وہ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے تنظیمی اجلاس کے دوران پارٹی رہنماؤں اور عہدیداروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ بشارت جسپال نے کہا ہے کہ وزیر دفاع کہتے ہیں مذہب کے نام پر لوگوں کو استعمال کیا جاتا ہے، تو اس استعمال کو بند کروانا کس کی ذمہ داری ہے؟ کیا یہ حقیقت نہیں کہ اس کا سیاسی استعمال کرنے والوں میں حکمران جماعت سب سے آگے ہے ؟ اس’’ استعمال‘‘ کی روک تھام کیلئے قوم نے قومی ایکشن پلان کی شکل میں شریف حکومت کو مینڈیٹ دیا تھا جس کا حشر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کمشن کی رپورٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جہاں تک وزیر دفاع کے جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے بلدیاتی اداروں کی مضبوطی کے واعظ کا تعلق ہے تو وہ بلدیاتی اداروں کو مضبوط بنانے کے نیک کام کی ابتدا پنجاب سے کیوں نہیں کرتے؟ اور پنجاب کو دیگر صوبوں کیلئے ایک رول ماڈل کیوں نہیں بناتے؟ بشارت جسپال نے مزید کہاکہ وزیر دفاع سمجھتے ہیں کہ پاکستان کا واحد دشمن بھارت ہے تو پھر وہ اس پر اپنے وزیر اعظم کو بھی قائل کریں جنکی شوگر ملیں خصوصی ویزوں پر آنے والے بھارتی انجینئرز اور ٹیکنیشنز کے تعاون سے دن دگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے اور وزیر اعظم پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے والے کلبھوشن نیٹ ورک کے پکڑے جانے پر اپنی زبان سے مذمت کرنے کیلئے تیار نہیں ہوتے اور وزیر دفاع اپنے وزیر اعظم سے یہ سوال بھی ضرور کریں کہ دشمن ملک کے وزیر اعظم کو جاتی امراء میں نجی دورے پر کیوں بلایا اور تنہائی میں کیا راز و نیاز ہوا ؟ انہوں نے کہاکہ ن لیگی وزراء کو اپنے اقتدار کی شام ہوتی دکھائی دے رہی ہے اسی لئے آج کل کامریڈ اور حبیب جالب بننے کی کوشش کررہے ہیں۔
تبصرہ