پنجاب میں پری پول رگنگ شروع، وفادار بیوروکریٹس کو اہم سیٹوں پر لایا جارہا ہے: خرم نواز گنڈاپور
الیکشن کمیشن جب متحرک ہو گا تمام ضروری بندوبست ہو چکے ہوں گے،
سیکرٹری جنرل PAT
امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان مخالف بل خارجہ پالیسی کی مکمل ناکامی ہے
لاہور (11 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ پنجاب میں آئندہ عام انتخابات میں من پسند نتائج حاصل کرنے کیلئے پری پول رگنگ شروع ہو چکی ہے۔ وفادار بیوروکریٹس کو اہم سیٹوں پر لایا جارہا ہے۔ الیکشن کمیشن جب متحرک ہو گا تب تک تمام ضروری بندوبست ہو چکے ہونگے۔ اگر عوام اور ملکی ادارے سوئے رہے تو پاکستان باضابطہ طور پر سلطنت شریفیہ میں تبدیل ہو گا، ملک اور اداروں کو ذاتی جاگیر کی طرح ڈیل کیا جارہا ہے۔ وہ گزشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے امریکہ میں ایوان نمائندگان میں پاکستان مخالف بل پیش ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور اسے خارجہ آفس اور حکومت کی شرمناک ناکامی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ بل کے حوالے سے مستقبل کا فیصلہ جو بھی ہو لیکن اس بل کا ایوان نمائندگان میں پیش ہونا ہی پاکستان کی ناکامی اور بدنامی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی جنگ میں ایک لاکھ سے زائد پاکستانی شہریوں نے جانیں دیں اربوں ڈالر معیشت کو نقصان پہنچا۔ پاکستان نے نیٹو کو اڈے دئیے، لاجسٹک سپورٹ کی سہولت دی، دہشت گردی کی عالمی جنگ کا فرنٹ مین اتحادی بن کر دہشت گردی کو امپورٹ کیا جس کا نتیجہ آج پوری قوم بھگت رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم قوم کو جواب دیں کہ آج امریکہ کے اتحادی ہوتے ہوئے امریکی ایوان نمائندگان میں پاکستان کے خلاف نفرت انگیز برتاؤ کیوں ہورہا ہے؟ پاکستان کے شہری بالخصوص نوجوان اس خبر پر انتہائی دل گرفتہ اور تشویش میں مبتلا ہیں۔
تبصرہ