وزیراعلیٰ پنجاب کامریڈ بننے کی بجائے پاناما کرپشن کا حساب دیں: خرم نواز گنڈاپور
وزیر قانون کی وزیراعلیٰ کے پی کے کو دھمکیاں قابل مذمت ہیں، سیکرٹری جنرل پی اے ٹی
لاہور (9 مارچ 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کامریڈ بننے کی بجائے پاناما لیکس کی کرپشن کا حساب دیں۔ ججز، جرنیلوں کے احتساب کی بات کرنے والے پہلے اپنی لوٹ مار کا حساب دیں۔ پاکستان کو 30 سال تک لوٹنے والے اب الفاظ کی جادوگری کے ذریعے عوام کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کبھی حبیب جالب بن جاتے ہیں اور کبھی کامریڈ، مگر صوبہ کے کروڑوں عوام کا استحصال کر کے لاہور میں کنکریٹ کے پہاڑ بنا رہے ہیں۔ ایک طرف عوام صاف پانی کو ترس رہے ہیں دوسری طرف وزیر اعلیٰ قومی دولت اورنج منصوبے پر لٹا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریکارڈ گواہ ہے کہ شریف برادران نے ڈیفالٹر کی حیثیت سے 2013 ء کا الیکشن لڑا وہ قرض خوروں کا احتساب کیسے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فوجی گملوں میں پرورش پانے والے جرنیلوں، ججز کا احتساب کرنے کی جرات نہیں کر سکتے ؟ وہ مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا کے منتخب وزیراعلیٰ کو وزیر قانون کی دھمکیاں اور توہین آمیز لب و لہجہ بین الصوبائی تصادم کروانے کی ناپاک اور گھٹیا حرکت ہے۔ کیا لاہور شریف خاندان کی جاگیر ہے کہ کوئی شہری اجازت کے بغیر نہیں آسکتا؟ انہوں نے کہا کہ وزیر قانون کے لب و لہجہ اور غیر قانونی دھمکیوں کا نوٹس لیا جائے۔ ن لیگ کی حکومت دنوں کی مہمان ہے پاناما لیکس کے فیصلے اور جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ کے خوف نے انہیں حواس باختہ کر رکھا ہے۔
تبصرہ