پیپلز پارٹی کے وفد کی عوامی تحریک کے رہنماؤں سے ملاقات، اے پی سی میں شرکت کی دعوت
عوامی تحریک نے شرکت کی دعوت قبول کر لی، دہشتگردی کے خلاف ٹھوس
موقف رکھتے ہیں: خرم نواز گنڈا پور
وفد نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا
اسلام آباد / لاہور (28 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور سے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں فرحت اللہ بابر، ڈاکٹر قیوم سومرو، نیئر بخاری، علی محمد نے اسلام آباد میں وفد کی صورت میں ملاقات کی، وفد نے عوامی تحریک کو پیپلز پارٹی کی 4 تاریخ کو ہونیوالی اے پی سی میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے وفد کو شرکت کی یقین دہانی کروائی۔ سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور نے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوامی تحریک پیپلز پارٹی کی دعوت کو قبول کرتی ہے اور اے پی سی میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بیڈ گورننس اور دہشتگردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ناکامی کے حوالے سے عوامی تحریک کا موقف سب کے سامنے ہے۔عوامی تحریک دہشتگری کے خاتمے کے حوالے سے واضح اور ٹھوس موقف رکھتی ہے۔عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے دہشتگردی کے فتنے کے خاتمے کیلئے عملی قدم اٹھاتے ہوئے نہ صرف 600 صفحات پر مشتمل فتویٰ دیا بلکہ دہشتگردوں کی فکری اور نظریاتی پنیری جہاں تیار ہوتی ہے ان اداروں اور مدارس کو درست ڈگر پر لانے کیلئے دہشتگردی کے خاتمے کا نصاب مرتب کیا، جس سے پاکستان کے سوا دنیا کے تمام ممالک استفاد کر رہے ہیں۔ وفد کو ڈاکٹر طاہرالقادری کی انتہا پسندی اوردہشتگردی کے خاتمے کیلئے لکھی جانیوالی 35 کتابوں کا تحفہ بھی دیا گیا۔ وفد میں شامل رہنماؤں نے ڈاکٹر طاہرالقادری کی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا اوریقین دہانی کروائی کہ اے پی سی میں عوامی تحریک کی طرف سے دی جانیوالی تجاویزکا خیر مقدم کیا جائے گا۔
تبصرہ