دھماکوں نے قوم کو ذہنی مریض بنا دیا: خرم نواز گنڈاپور
ملک حالت جنگ میں ہے، حکمران درست معلومات فراہم کرنے کے قابل بھی نہیں
انسداد دہشتگردی عدالت میں طلبی کے بعد آئی جی پنجاب کی مراعات میں اضافہ کیا گیا: بشارت جسپال
لاہور (23 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ دھماکوں نے قوم کو ذہنی مریض بنا دیا ہے۔ ملک خانہ جنگی کی حالت میں ہے اور حکمران کسی حادثہ کے بارے میں صحیح معلومات فراہم کرنے کے قابل بھی نہیں۔ لاہور ڈیفنس دھماکہ کے حوالے سے صوبائی وزراء مسلسل جھوٹ بولتے رہے اور قوم ہیجان میں مبتلا رہی۔ عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے ڈیفنس دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔
دریں اثناء عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں طلبی کے بعد آئی جی پنجاب کی مراعا ت میں اچانک اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائنڈوزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کو ڈر ہے کہ پولیس افسران دباؤ آنے پروعدہ معاف گواہ نہ بن جائیں اسی لئے تنخواہ میں اضافہ اورمراعات کے ڈھیر لگائے جا رہے ہیں۔ آئی جی پنجاب 10 اپریل کو عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں اس لئے انکی پنشن میں اضافہ اور مراعات کو تا حیات کر دیا گیا ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن میں ملوث افسران کو پہلے بھی مراعات اور ترقیاں دے کر بیرون ملک بھجوایا گیا تھا۔ حکمران سمجھتے ہیں اپنی چالاکیوں اور اقتدار کی طاقت استعمال کر کے مظلوموں کے خون پر پردہ ڈالنے میں کامیاب ہو جائیں گے لیکن ایسا نہیں ہو گا۔ اللہ کی لاٹھی بے آواز ہے جو بھی ظلم کرے گا ضرور اس کی سزا بھگتے گا۔
تبصرہ