حکمران جماعت نے سیاست میں انتقام کے منفی کلچر کی جڑیں مضبوط کیں : عوامی تحریک
سیاسی مخالفین کے جان و مال اور کاروبار پر حملے ن لیگ کا منشور
بن چکا ہے: خرم نواز گنڈا پور
ق لیگ کے رہنماء چوہدری ظہیر کے ٹرانسپورٹ آفس پر پولیس گردی کی مذمت کرتے ہیں:
سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (19 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے ق لیگ کے رہنماء اور سابق اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی چوہدری ظہیر الدین کے فیصل آباد میں ٹرانسپورٹ آفس پر پولیس گردی اور کاروبار بند کرنے کی پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعت نے سیاست میں انتقام کے منفی کلچر کی جڑیں مضبوط کیں۔ وفاداریاں بدلنے سے انکار کرنے والوں کے کاروبار پر حملے ن لیگ کا منشور بن چکا ہے ۔انہوں نے کہا کہ شوکت بسرا پر حملہ کے پیچھے بھی ن لیگ کے عہدیدار تھے۔ شریف برادران نے سیاسی اختلاف پر ماڈل ٹاؤن میں بھی ظلم اور بربریت کی انتہا کرتے ہوئے ہمارے 14 کارکنوں کو شہید اور 100 کو گولیاں ماریں۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت کی سیاسی کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے پڑھے لکھے عوام کو اس جمہوریت سے نفرت ہو گئی ہے۔ جس کا خمیازہ تقسیم، انتہا پسندی اور دہشتگردی کی صورت میں سامنے آ رہا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکمران اتنے ظلم کریں جتنا وہ کل حساب دے سکیں۔انہوں نے کہاکہ آل شریف پنجاب کو اپنی جاگیر سمجھتی ہے اور سیاسی مخالفین سے جینے کا حق چھین رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی مخالفین کے خلاف ریاستی مشینری استعمال کرنے والے حکمران ریاستی طاقت ، دہشتگردوں، جرائم پیشہ عناصر اور انکے سہولت کاروں کے خلاف استعمال کریں۔
سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال ،مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن ساجد محمود بھٹی نے بھی ق لیگ کے رہنماء کے خلاف فیصل آباد میں حکومتی انتقامی کاروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔
تبصرہ