پاکستان عوامی تحریک 22 فروری کو’’ قومی سیمینار ‘‘منعقد کر ے گی
سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں
![](https://minhaj.net/images-db8/PAT-Logo-PR.jpg)
لاہور (13 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام 22 فروری (بدھ ) کو مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ملکی حالات کے تناظر میں’’ فراہمی انصاف اور کرپشن کے خاتمہ میں اداروں کا کردار ‘‘کے عنوا ن سے قومی سیمینار منعقد ہوگا۔ جس میں ملک کی اہم سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔ مسلم لیگ (ق)، PPP، PTI، جماعت اسلامی، سنی اتحاد کونسل، ایم کیو ایم، مجلس وحدت مسلمین سمیت دیگر سیاسی سماجی اور مذہبی رہنماؤں کوقومی سیمینار میں شرکت کی دعوت دے دی گئی ہے۔ سیمینار کی تیاریاں شروع کر دی گئی، سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کو سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور قومی سیمینار میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔
قومی سیمینار میں سیاسی، سماجی، مذہبی رہنماؤں کے علاوہ مزدور، وکلاء، طلباء، کسان، ڈاکٹرز، انجینئرزاور یونین سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری جنرل عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور کی صدارت میں ہونے والے اجلا س میں سیمینار کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلا س میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی، ساجد بھٹی، شہزاد رسول، شاہد لطیف، راجہ ندیم اور عبد الحفیظ چوہدری شریک تھے۔
اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی مشکل اور نازک دور سے گزر رہا ہے۔ دہشت گردی، کرپشن، بد امنی، بے انصافی اور غریب عوام کے معمولاتِ زندگی کی دشواریاں ریاست کو روز بروز کمزوری کی طرف لے جارہی ہیں۔ پاکستان عوامی تحریک ان قومی مسائل کو اجاگر کرنے اور ان کا حل پیش کرنے کے لیے ملک کے تمام اہم سیاسی رہنماؤں کو اس اہم قومی سیمینار میں شرکت کی دعوت دے رہی ہے۔ خرم نواز گنڈا پو رنے کہا کہ 22 فروری کے قومی سیمینار کے اختتام پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 66 ویں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا جائے گا اور ان کی سیاست، امن، علم اور تحقیقی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا اور ملکی سلامتی، قیام امن کے لیے خصوصی دعا بھی کی جائے گی
تبصرہ