گلو بٹ کی رہائی کی خبروں پر آل شریف بہت خوش ہے : عوامی تحریک
رہائی ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کیلئے پیغام ہے کسی کے گلو کا کچھ نہیں بگڑ سکتا، بشارت جسپال
جب ظالم کو قرار واقعی سزا نہیں ملتی تو پھر مایوسی، اشتعال، تشدد جنم لیتا ہے، فیاض وڑائچ
لاہور (9 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے رہنماؤں نے گلو بٹ کی مبینہ رہائی کی خبروں پر کہا ہے کہ یقیناًسانحہ ماڈل ٹاؤن کے ایک کردار گلو بٹ کی رہائی کی خبروں سے آل شریف کو بہت خوشی ہوئی ہو گی۔ گلو بٹ کی رہائی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے لیے یہ پیغام ہے کہ کسی کے گلو کا یہاں کوئی کچھ نہیں بگاڑ سکتا۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں صوبائی صدر بشارت جسپال، فیاض وڑائچ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گلو بٹ کی رہائی سے سیاست میں بدمعاشی اور غنڈہ گردی کے کلچر کو تحفظ ملے گا اور جرائم پیشہ سیاسی عناصر کے کارندے اب پہلے سے بھی زیادہ بڑھ کر سیاسی مخالفین پر حملہ آور ہونگے۔ رہنماؤں نے کہا کہ جیلوں میں معمولی جیب تراش گل سڑ رہے ہیں، سزائیں بھگت رہے ہیں مگر گلو بٹ کی رہائی انصاف کے علم کو بلند رکھنے کیلئے ناگزیر تھی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ گلو بٹ نے پنجاب پولیس کی قیادت کرتے ہوئے منہاج القرآن کی پارکنگ میں توڑ پھوڑ کی گاڑیوں پر ڈنڈے برسائے، دہشت برپا کی خوف و ہراس پھیلایا۔ اگر یہ جرم دہشتگردی کے زمرے میں نہیں آتا تو پھر اور دہشتگردی کسے کہتے ہیں؟۔ رہنماؤں نے کہا کہ جب ظلم کرنے والے قرار واقعی سزاؤں سے بچ جاتے ہیں تو پھر سوسائٹی میں مایوسی، اشتعال، تشدد اور دہشتگردی جنم لیتی ہے اور قانون ہاتھ میں لینے کے منفی کلچر کو تقویت ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے پر کوئی کمنٹ نہیں کرینگے۔ عوام کا فیصلہ جب آئے گا تو سب سنیں اور دیکھیں گے۔
تبصرہ