مسئلہ کشمیر کسی کی انا نہیں بنیادی انسانی حقوق کا معاملہ ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری
مسئلہ کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں، کشمیری عوام سے انصاف کیا جائے
پاکستانی حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر پر صرف سیاست کی : سربراہ عوامی تحریک کی کشمیری
رہنماؤں سے گفتگو

لاہور (04 فروری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر عوامی تحریک آزاد کشمیر کے رہنماؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کسی کی انا نہیں، بنیادی انسانی حقوق اور 2 کروڑ نفوس کے سیاسی، سماجی، معاشی، مذہبی مستقبل کا معاملہ ہے۔ کسی بھی شخص، قوم کو طاقت کے زور پر اس کے بنیادی حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی منظور کی جانیوالی قرارداوں پر عمل درآمد میں ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل اور کشمیری عوام سے انصاف ہونا چاہیے۔ وہ گزشتہ روز عوامی تحریک کی کشمیری لیڈر شپ سردار منصور خان، سردار اعجاز سدوزئی، میر آصف اکبر و دیگر رہنماؤں سے ٹیلی فون پر گفتگو کر رہے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اہم فریق کشمیر کے عوام ہیں، انہیں اپنے مستقبل کے فیصلے کا حق ملنا چاہیے۔ اقوام متحدہ نے کشمیر کے عوام سے جو وعدے کر رکھے ہیں، کشمیر کے عوام ان پر عمل درآمد کے منتظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی اور حال کی حکومتوں نے مسئلہ کشمیر پر صرف سیاست چمکائی، مسئلہ کے حل کیلئے جس موثر اور فعال سیاسی، سفارتی کردار کی ضرور ت تھی وہ ادا نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تاشقند معاہدہ ہو یا شملہ معاہدہ، اعلان لاہور ہو یا کشمیر ی عوام کے ساتھ دو طرفہ معاہدے کشمیر کاز کو ان سے نقصان پہنچا اور کشمیری عوام اس پر دکھی ہیں۔
کشمیر کاز کی بات کرنیوالی لیڈر شپ خود ظلم و بربریت، اپنے شہریوں کو قتل کرنے اور کرپشن کی دلدل میں اتری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی حکومت کو یہ حق حاصل نہیں کہ وہ کشمیری قوم کے مفادات کو اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھائے۔ کشمیری عوام نے آزادی کیلئے بے مثال جانی و مالی قربانیاں دے کر آزادی کی شمع کو روشن رکھا ہوا ہے۔ عالمی برادری بھی مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ، فریقین، عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے دعا کی اللہ رب العزت کشمیر کے عوام کو آزادی کی نعمت سے بہرہ مند کرے۔


تبصرہ