بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو آبادی کا حصہ قرار نہ دینے کی سوچ گمراہ کن ہے، خرم نواز گنڈاپور
دیار غیر میں مقیم شہری اگر ترسیلات زر بھیجنا بند کر دیں تو پاکستان
کا دیوالیہ نکل جائے، سیکرٹری جنرل PAT
بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، جی ایم ملک

لاہور (02 جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کو سیاسی عمل سے الگ اور آبادی کا حصہ قرار نہ دینے کا اقدام درست نہیں ہے۔ اس سے پاکستان کا معاشی اور سیاسی استحکام بری طرح متاثر ہو گا۔ ترسیلات زر کی فراہمی اور پیشہ وارانہ خدمات کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا بڑا اہم کر دار ہے، بجائے اس کے انہیں سیاسی، سماجی، معاشی دھارے سے الگ کر دیا جائے، انہیں ایک آئینی سیاسی کردار دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ترقی کے دھارے سے الگ کرنے کی سوچ گمراہ کن ہے۔ آئندہ مردم شماری میں البتہ غیر ملکی شہریوں کو شامل کئے جانے کے حوالے سے پنجاب، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخواہ کے جو تحفظات ہیں ان کا ازالہ ہونا چاہیے اور اس حوالے سے قومی پالیسی بننی چاہیے۔ تحریک منہاج القرآن ڈائریکٹر فارن افیئرز جی ایم ملک نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جانا چاہیے، انہیں آبادی کے حصے سے الگ کرنا کسی طور پر درست نہیں ہے بلکہ ہم سمجھتے ہیں کہ یہ تجویز بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی کی توہین ہے۔ آج اگر بیرون ملک مقیم پاکستانی زر مبادلہ بھیجنا بند کر دیں تو پاکستان کا دیوالیہ نکل جائے اور تعلیم، صحت کے اخراجات کیلئے ایک پائی نہ بچے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان میں مقیم پاکستانیوں سے زیادہ ملک کی خدمت کر رہے ہیں۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے۔


تبصرہ