خواجہ سعد رفیق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں میں سے ایک ہیں: خرم نواز گنڈا پور
دھرنوں اورقصاص تحریک نے عوام کا سیاسی شعور بیدار کیا، قوم سیاسی نو سر بازوں سے دھوکہ نہیں کھائے گی
خواجہ سعد رفیق نے اپنی بازاری گفتگو سے شہید والد کا نام بھی مٹی میں ملا دیا، سیکرٹری جنرل PAT
جبر و تشدد کرنے والے حکمرانوں کو اب بھاگنے کیلئے کوئی راستہ نہیں ملے گا، خواجہ سعد رفیق کی تقریر پر ردعمل
لاہور (28جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کی تقریر پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں میں سے ایک ہیں۔ انہیں معلوم ہے کہ پھانسی کا پھندہ تیزی سے انکی طرف بڑھ رہا ہے اسی لئے حواس باختہ ہو کر بہکی بہکی باتیں کر رہے ہیں۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہمیں جنونی کہنے والا سانحہ ماڈل ٹاؤن کے مقدمے سے اپنی جان چھڑانے کیلئے انہی جنونیوں کے پاؤں پکڑتا ہے۔ قرآن پاک اٹھا کر اپنی صفائیاں پیش کرتا ہے اور اپنے لئے معافیاں مانگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے آج اپنی بازاری گفتگو سے اپنے شہید والد کا نام بھی مٹی میں ملا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمران اور انکے نا اہل وزراء ہوش و حواس کھو چکے ہیں۔ کرپشن، نا اہلیت اور جرائم چھپانے کیلئے ایسی زبان استعمال کر کے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔
میاں برادران کی ہٹ دھرمی، حقائق سے چشم پوشی اور نادان وزیروں نے انکو بند گلی میں لا کھڑا کر دیا ہے۔ حکومت کے ہاتھ پاؤں پھول چکے ہیں۔ جبر و تشدد کرنے والے حکمرانوں کو اب بھاگنے کیلئے کوئی راستہ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ قانون اور عوام کے ہاتھ ان کے گریبانوں تک پہنچنے والے ہیں۔ حکمرانوں کی بد حواسیوں سے نظر آ رہا ہے کہ یہ خود کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انقلاب مارچ، دھرنوں اور قصاص تحریک نے پاکستانی عوام کے سیاسی شعور کو اس قدر بیدار کر دیا ہے کہ اب یہ جرات مند قوم ان سیاسی نو سر بازوں سے دوبارہ دھوکہ نہیں کھائے گی۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ جعلی ووٹوں سے اقتدار میں آنے والے چند لوگوں نے ملک کے کروڑوں عوام کو اپنا غلام سمجھ رکھا ہے۔ جمہوریت فقط پارلیمنٹ تک محدود ہے، ملک کے کسی کونے میں جمہوریت، آئین اور انصاف میسر نہیں۔ عوام پوچھتے ہیں کہاں ہے انصاف؟ کہاں ہے جمہوریت ؟ کہاں ہے قانون؟۔ سپریم کورٹ، پارلیمنٹ اور ایوان صدر پر حملہ کرنے والوں کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتیں۔ ریلوے کو تباہ و برباد کرنیوالے خواجہ سعد رفیق اپنے محکمے کی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں۔
تبصرہ