ملتان میٹرو منصوبہ عوام کی ڈیمانڈ پر نہیں، حکمرانوں کی ضد پر بنا : فیاض وڑائچ
28 ارب سے پورے جنوبی پنجاب میں ہزاروں کلومیٹر فارم ٹو مارکیٹ
سڑکیں بن سکتی تھیں
فینسی منصوبے اس وقت اچھے لگتے ہیں جب غریب مریضوں کو دوائی اور بچوں کو تعلیم میسر
ہوں
صاف پانی کے منصوبے کرپشن کے باعث بند مگر میٹرو منصوبے ہر حال میں مکمل ہوتے ہیں
تخت لاہور کے بادشاہوں نے ترقی کا اپنا الگ معیار بنا رکھا ہے، صدر جنوبی پنجاب PAT
لاہور
(25 جنوری 2017ء) پاکستان عوامی تحریک جنوبی پنجاب کے صدر فیاض وڑائچ نے کہا ہے کہ
ملتان میٹرو منصوبہ عوام کی ڈیمانڈ پر نہیں حکمرانوں کی ضد پر بنا۔ 28 ارب روپے سے
پورے جنوبی پنجاب میں ہزاروں کلو میٹر فارم ٹو مارکیٹ سڑکیں بن سکتی تھیں، پورے جنوبی
پنجاب میں بنیادی صحت کے مراکزفعال بنائے جا سکتے تھے۔ جنوبی پنجاب کے تمام سکولوں
اور کالجوں کو سو فی صد بنیادی سہولتیں اور اساتذہ مہیا کئے جا سکتے تھے۔ فیسنی منصوبے
اس وقت اچھے لگتے ہیں جب غریب مریضوں کو دوائی اور بچوں کو تعلیم میسر ہو، تخت لاہور
کے بادشاہوں نے ترقی کا اپنا الگ معیار بنا رکھا ہے۔ وہ گذشتہ روز یہاں پارٹی رہنماؤں
سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں 60 فی صد آبادی خط غربت سے نیچے ہے، 58 فی صد پڑھے لکھے نوجوان بے روزگار ہیں۔ 70 فی صد سے زائد کاشتکار جعلی بیجوں، مہنگے ڈیزل اور اجناس کی کم لاگت کے باعث فاقوں کی دہلیز پر بیٹھے ہیں مگر وزیر اعلیٰ پنجاب ایسے منصوبوں پر بضد ہیں جس کا فائدہ صرف چند سریا اور سیمنٹ بنانے والی کمپنیوں اور ٹھیکیداروں کو پہنچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میٹرو ملتان بنانے کے بعد سمجھ رہے ہیں جیسے پورے جنوبی پنجاب کے مسائل حل ہو گئے اور یہ کہ ملتان کی ساری آبادی میٹرو بس کی سڑک کے آس پاس رہائش پذیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران بتائیں میٹرو بس ملتان کا راجن پور، مظفر گڑھ، بہاولپور، بہاولنگر، لیہ، بھکر کے عوام کو کیا فائدہ ہے؟ انہوں نے کہا کہ ملتان اور جنوبی پنجاب کے عوام کو دل کے امراض کے علاج کیلئے معمولی ٹیسٹوں کیلئے بھی 6 ماہ کا وقت ملتا ہے، ہسپتالوں میں ایک ایک بیڈ پر دو مریض لٹائے جاتے ہیں، بیشتر مریض لاہور آتے آتے اللہ کو پیارے ہو جاتے ہیں۔ 80 فی صد آبادی ناقص پانی پینے پر مجبور ہے اور ہیپاٹائٹس کے مریض بڑھ رہے ہیں، حیرت ہے صاف پانی کا منصوبہ کرپشن کی وجہ سے ختم ہو جاتا ہے جبکہ میٹرو جیسے منصوبے ہر حال میں مکمل کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران ایسے منصوبوں پر پیسہ خرچ کر رہے ہیں جس کا عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ دکھ اس بات کا ہے جنوبی پنجاب سے ووٹ لینے والے ن لیگ کے نمائندوں نے بھی زبانوں کو تالے لگا رکھے ہیں اور وہ اپنے قائدین کے سامنے سچ بولنے کی جرات سے محروم ہیں۔
تبصرہ