عوامی تحریک کی طرف سے اپوزیشن جماعتوں کو 27 جنوری کے احتجاج میں شرکت کی دعوت
پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، ق لیگ، ایم ڈبلیو
ایم، سنی اتحاد کونسل کو دعوت دی گئی ہے
ڈاکٹر طاہرالقادری دو سال سے شہداء کو انصاف دلوانے کی جنگ لڑرہے ہیں، خرم نواز
گنڈاپور
لاہور (24 جنوری 2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے 27 جنوری کے احتجاج میں پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی، جماعت اسلامی، ق لیگ، ایم ڈبلیو ایم، سنی اتحاد کونسل، اے پی ایم ایل کو شرکت کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔ دیگر اپوزیشن جماعتوں اور وکلاء و سول سوسائٹی کی تنظیموں کو بھی شرکت کی دعوت دی جارہی ہے۔ منگل کو انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن ملکی تاریخ کا واحد کیس ہے جس پر تمام اپوزیشن جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری دو سال سے شہدائے ماڈل ٹاؤن کو انصاف دلوانے کی جنگ لڑرہے ہیں۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں ہمارے وکلاء روزانہ قاتلوں کے خلاف ثبوت دے رہے ہیں۔ فیصلہ عدالت نے سنانا ہے جس کا ہمارے سمیت 19 کروڑ عوام کو انتظار ہے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف سے انصاف کے بند دروازے کھلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 27 جنوری کو پرامن احتجاج ہو گا جس میں عوام کی بھرپور شرکت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے انصاف کے لئے ایف آئی آر کے اندراج سے لے کر تفتیش اور ٹرائل تک ہر مرحلے میں قاتل حکمرانوں نے روڑے اٹکائے مگر ہم صبر اور برداشت کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ ریاست نے 14 بے گناہوں کو خون میں نہلایا اس پر کب تک صبر ہو گا۔ بالآخر قاتلوں کو ان کے جرم کی سزا مل کررہے گی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے انصاف کے لئے قصاص تحریک کے پہلے مرحلے میں دو سو سے زائد شہروں میں ہونے والے احتجاج سے خطاب کیا اور ہم نے حکومتی ظلم اور بے انصافی سے نمٹنے کیلئے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں استغاثہ دائر کیا جس کی ابتدائی ریڈنگ مکمل ہو چکی ہے اور عدالت کے سامنے جملہ ثبوت رکھ دئیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے قاتلوں کا قصاص چاہتے ہیں۔ دو سال میں ایک لمحے کیلئے بھی ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کے کارکن چین سے نہیں بیٹھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمارے کچھ دوست مشورہ دیتے رہتے ہیں کہ حکمران لاتوں کے بھوت ہیں باتوں سے نہیں مانیں گے۔ ان کو سبق سکھایا جائے تاہم ہم نے اس سے پہلے بھی کبھی قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش نہیں کی اور نہ آئندہ قانون ہاتھ میں لیں گے تاہم سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے قصاص سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ شہداء کا خون ہماری تحریک کے سر ایک قرض ہے اس قرض کو اتارنے کیلئے تحریک کا ہر کارکن بے چین اور مشتعل ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کارکنوں کو صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑنے کا حکم دے رکھا ہے۔
تبصرہ