ڈاکٹر طاہرالقادری 27 جنوری کے مظاہرے سے خطاب کریں گے
احتجاجی مظاہرے کی تیاریاں مکمل، 10 رابطہ کمیٹیاں قائم، عوامی
تحریک منہاج القرآن لاہور کے اجلاس میں فیصلہ
اجلاس سے حافظ غلام فرید، چودھری افضل گجر، اشتیاق حنیف مغل، حاجی فرخ، عارف چودھری
و دیگر کا خطاب
لاہور (24 جنوری 2017ء) عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن لاہور کا اہم اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت منہاج القرآن لاہور کے امیر حافظ غلام فرید اور عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کی۔ اجلاس میں عوامی تحریک پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات عارف چودھری، عوامی تحریک یوتھ ونگ، اشتیاق حنیف مغل، لاہور کے صدر حاجی فرخ خان قادری، حفیظ اللہ جاوید، حافظ صفدرعلی، ایم ایچ شاہین ایڈووکیٹ، اصغر ساجداور لاہور کے تمام ٹاؤنوں سے عوامی تحریک و منہاج القرآن کے صدور وناظمین نے شرکت کی۔
اجلاس میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے 27 جنوری کو لاہور میں ہونے والے احتجاجی مظاہرے کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ تیاریوں اور انتظامات کے لیے 10 کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 27 جنوری کو مظاہرین نماز جمعہ لاہور ایوان اقبال کے سامنے ادا کریں گے۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مظاہرے میں شریک ہزاروں مرد و خواتین بچے اور بزرگ ایک بڑی احتجاجی ریلی کی صورت میں لاہور پریس کلب کی جانب روانہ ہوں گے۔ مظاہرین نے سانحہ ماڈل ٹاؤن میں حکمرانوں کی بربریت کے خلاف اور شہدائے ماڈل ٹاؤن سے اظہار یکجہتی کے لیے کتبے، بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے ہوں گے۔ مظاہرین سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے جسٹس باقر علی نجفی کی رپورٹ فوری شائع کرنے کا مطالبہ بھی کریں گے۔
احتجاجی ریلی لاہور پریس کلب کے سامنے پہنچ کر ایک بڑے احتجاجی جلسے کی صورت اختیارکر جائے گی۔ ریلی سے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری خطاب کریں گے۔ قائد عوامی تحریک سانحہ ماڈل ٹاؤن اور عوامی تحریک کے آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلانات کریں گے۔ احتجاجی مظاہرے میں عوامی تحریک کی اتحادی جماعتوں کے قائدین، کارکنان، سماجی، مذہبی رہنما، تاجر، مزدور، وکلاء تنظیموں کے قائدین اور سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد بھی شرکت کریگی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ غلام فرید نے کہا کہ اڑھائی سال ہو گئے ماڈل ٹاؤن میں شہید ہونے والے بے گناہوں کو انصاف نہیں ملا۔ جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ شائع نہیں ہو سکی۔ ظالم حکمرانوں نے قانون اور آئین کو گھر کی باندی سمجھ رکھا ہے۔ ہم پرامن لوگ ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ہماری تربیت امن، محبت اور بھائی چارے کے اصولوں پر کی ہے۔ پرامن کارکنان اور شہریوں کے صبر کی حد کا ایک پیمانہ ہوتا ہے۔ شہداء کے انصاف کیلئے قانون اور عوام کی عدالت میں جنگ لڑرہے ہیں۔27 جنوری اہم دن ہو گا۔ اس دن قائد عوامی تحریک آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے اہم اعلان کرینگے۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور پاناما لیکس نے حکمرانوں کے ظلم اور کرپشن کا پول کھول دیا ہے۔ دہشتگرد حکمران پوری قوم کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں۔ اب استحصالی قوتوں کا ظالمانہ، جاگیردرانہ اور سرمایہ دارانہ کرپشن پر مبنی نظام اس ملک میں مزید نہیں چل سکتا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات پنجاب عارف چودھری نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ قاتلوں سے قصاص لے کر رہیں گے۔ انصاف ملنے تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ماڈل ٹاؤن کے شہید ہمارا فخر ہیں کبھی نہیں بھلا سکتے۔ اجلاس سے عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے بے گناہ کارکنان نے گولیاں کھائیں شہید اور زخمی ہوئے مگر صبر اور امن کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑا۔ 27 جنوری کا احتجاج بھی پرامن ہو گا۔ ہماری 35 سالہ جدوجہد پرامن ہے۔ اجلاس سے عوامی تحریک یوتھ ونگ لاہور کے صدر حاجی فرخ خان قادری نے بھی خطاب کیا۔
تبصرہ