حکمران سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص سے نہیں بچ سکیں گے : ڈاکٹر حسن محی الدین
حکمران پانامہ پر تو قوم کو بے وقوف بنا سکتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نہیں، سی ڈبلیو سی کے اجلاس سے خطاب
استغاثہ کے حوالے سے وکلاء کی بریفنگ، باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ جاری کرنے کا مطالبہ
لاہور (21 جنوری 2017ء) پاکستان عوامی تحریک کی سنٹرل ورکنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس عوامی تحریک کے سینئر مرکزی رہنماو چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن ڈاکٹر حسن محی الدین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمران سانحہ ماڈل ٹائون کے قصاص سے نہیں بچ سکیں گے۔ حکمران پانامہ لیکس پر تو قوم کو بیوقوف بنا سکتے ہیں سانحہ ماڈل ٹاؤن پر نہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار حکمران دو سال سے انصاف کے راستے کی دیوار بنے ہوئے ہیں۔ انصاف کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں شہدائے ماڈل ٹائون کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور، سینئر رہنما بریگیڈیئر(ر) اقبال احمد خان، جی ایم ملک، ساجد محمود بھٹی، جواد حامد، تنویر احمد خان، خواتین رہنمائوں و سینئر عہدیدار اجلاس میں شریک ہوئے۔
عوامی تحریک کے وکلاء نے اجلاس کو سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے اے ٹی سی میں دائر استغاثہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ اے ٹی سی میں 56 چشم دید گواہان اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں اور سانحہ کے حوالے سے اہم ویڈیوز بھی عدالت میں پیش کی جا چکی ہیں۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ وکلاء کے دلائل جاری ہیں۔ آئندہ سماعت 25 جنوری کو ہو گی۔ سی ڈبلیو سی کے اجلاس میں ایک قرارداد بھی منظوری کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ حکومت جسٹس باقر علی نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرے۔ ڈاکٹر حسن محی الدین نے سی ڈبلیو سی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکمران بکروں کی قربانی دے کر اپنی جان چھڑانا چاہتے ہیں مگر جب تک بکروں کی ماں قابو میں نہیں آئے گی ہمارا احتجاج جاری رہے گا اور انصاف کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون کا کوئی اور نہیں شریف برادران براہ راست ذمہ دار ہیں جس کے حوالے سے ناقابل تردید ثبوت اور گواہیاں عدالت میں پیش کردی ہیں۔
تبصرہ