تحریک منہا ج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری کا ویٹی کن سٹی کا دورہ
مذاہب کے درمیان مشترکات پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے: ڈاکٹر حسین محی الدین
مسیحی رہنماؤں کو ڈاکٹر طاہرالقادری کا دہشتگردی کے خلاف تاریخی فتویٰ پیش کیا
لاہور (20 جنوری 2017ء) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین القادری روم کی کیتھولک بین المذاہب کے نائب صدر فادر مارکس سولو اورسیکرٹری میڈیا آئزہ بیل کی دعوت پر ویٹی کن سٹی پہنچے۔ منہاج القرآن انٹر فیتھ ریلیشنز کے ڈائریکٹر سہیل احمد رضا اور منہاج القرآن انٹرنیشنل اٹلی کے مرکزی قائدین بھی انکے ساتھ تھے۔کونسل برائے بین المذاہب مکالمہ کے وائس پریذیڈنٹ فادر مارکس سولواور میڈیم آئزہ بیل نے ڈاکٹر حسین محی الدین قادری کو ویٹی کن سٹی کی قدیم ترین تاریخ کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی۔ چرچ کی روایات کے مطابق ڈاکٹر حسین محی الدین القادری کو ویٹی کن سٹی کا تفصیلی وزٹ کروایا گیا۔ ڈاکٹر حسین محی الدین نے ویٹی کن سٹی کے اندرونی حصے بھی دیکھے اور سینٹ پیٹر بیزیلکہ چرچ کا دورہ بھی کیا۔
اس موقع پر ڈاکٹر حسین محی الدین نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کا انگریزی زبان میں مترجم دہشتگردی کے خلاف تاریخی فتویٰ بھی پیش کیا۔ منہاج القرآن اٹلی کے رہنماؤں نے فادر مارکس سولو کوڈاکٹر حسین محی الدین کی تصانیف کا تحفہ دیا۔ صدر منہاج القرآن سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر مارکس سولو نے کہا کہ منہاج القرآن کے وفد کی ویٹی کن سٹی میں آمد سے اسلام اور مسیحیت کے مابین تعلقات کو فروغ ملا۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر طاہرالقادری ایسی شخصیت ہیں جنہوں نے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے انسانیت کو فکری، علمی اور عملی رہنمائی دی ہے۔
تحریک منہاج القرآن نئی نسل کو دہشتگردی اور انتہا پسندی سے بچا کر معاشرے میں اعلیٰ انسانی اقدار سے روشناس کروا رہی ہے۔ عالمی سطح پر امن اور محبت کے رویوں کو عام کرنے میں منہاج القرآن کا کردار قابل ستائش ہے۔ مسیحی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر حسین محی الدین نے کہا کہ مذاہب کے درمیان مشترکات پر بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ مختلف مذاہب کے درمیان حائل خلیج کو ختم کرنے کیلئے کوشش کرنا ہر مذہب کے پیروکاروں کا اہم فریضہ ہیں۔ اس حوالے سے انٹر فیتھ ریلیشنز منہاج القرآن 90 ممالک میں کام کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری محبت اور امن کے رویوں کو پوری دنیا میں عام کرنے میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
تبصرہ