عوامی تحریک پنجاب کا ہنگامی اجلاس، ننھی طیبہ پر ظلم و تشدد کی مذمت
ننھی پری تشدد کرنیوالے انسانیت کی شکل میں بھیڑئیے ہیں، واقعہ
پر انسانیت ماتم کناں ہے : بشارت جسپال
کرپٹ سیاسی نظام نے معاشرے میں غیر انسانی افعال کو جنم دیا، ظالموں کو عبرت کا
نشان بنایا جائے: اجلاس میں مطالبہ
![](https://minhaj.net/images-db8/PAT-Logo-PR.jpg)
لاہور (4 جنوری 2017) پاکستان عوامی تحریک پنجاب کا ہنگامی اجلاس صوبائی صدر بشارت جسپال کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ تشدد کا شکار ہونے والی ننھی ملازمہ طیبہ پر تشدد اور ظلم کرنے والا معاشرہ اپنے طرز عمل میں اسلامی ہے نہ جمہوری۔ ظالم حکمرانوں اور کرپٹ نظام نے ہمارے معاشرے میں ایسے رویوں کو جنم دیا ہے جس پر ساری انسانیت ماتم کناں ہے۔ ننھی طیبہ پر وحشیانہ تشدد اور لوہے کے گرم راڈ سے جلائے جانے کے سفاک عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ننھی پری تشدد کرنیوالے با اثر لوگ انسانیت کی شکل میں بھیڑئیے ہیں، مطالبہ کرتے ہیں کہ ظالموں کو عبرت کا نشان بنایا جائے۔
17 جون کو ماڈل ٹاؤن میں ریاستی دہشتگردی اور بربریت سے 14 بے گناہوں کو شہید کیا گیا۔ 90 لوگوں کو گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا۔ دو خواتین تنزیلہ امجد اور شازیہ مرتضیٰ کے چہروں پر سیدھی گولیاں مار کر شہید کر دیا گیا۔ اگر اس المناک سانحہ کے ملزموں کو قرار واقعی سزا مل جاتی تو مستقبل میں ایسے واقعات جنم نہ لیتے جب راہبر راہزن بن جائیں عدل کرنیوالے ظلم کرنے لگیں تو مظلوم انصاف کیلئے کہاں جائیں۔اجلاس میں مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، عارف چودھری، راجہ زاہد، نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ، چودھری افضل گجر، حافظ غلام فرید، افنان بابر، عائشہ مبشر اور دیگر شریک تھے۔
بشارت جسپال نے کہا کہ کرپٹ سیاسی نظام نے معاشرے میں غیر انسانی افعال کو جنم دیا ہے، جو انسانیت کیلئے باعث شرم ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری انقلاب کی دوجہد کا آغاز اس لئے کیا تھا کہ معاشرے سے ایسے غیر انسانی رویوں کا خاتمہ ہو سکے۔ قوم کو فیصلہ کرنا ہو گا اپنے حقوق کیلئے نکلنا ہو گا۔ وہ وقت قریب ہے جب ملک کو حقیقی اسلامی جمہوری، فلاحی ریاست بنایا جا ئے گا۔ جہاں کسی کے حقوق کو پامال نہ کیا جا سکے اس کیلئے کرپٹ حکمرانوں اور موجودہ ظالمانہ نظام سے جان چھڑانا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ننھی طیبہ پر ظلم کرنیوالوں کو کڑی سزا دی جائے تا کہ آئندہ کوئی ظالم ایسا کرنے کا تصور بھی نہ کر سکے۔ عوامی تحریک واقعہ کی مذمت کرتی ہے اور فوری انصاف کا مطالبہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دل سوز واقعے پر حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔ وزیر انسانی حقوق قوم کو آگاہ کریں کہ انہوں نے اس حوالے سے کیا اقدامات کئے ہیں۔
تبصرہ