موسم سرما میں گیس کے گھریلو صارفین کیلئے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا وعدہ پورا نہیں کیا گیا : عوامی تحریک
حکومت مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ سے باز رہے، چینی کی قیمتوں میں اضافہ غریب دشمنی ہے، بشارت جسپال
لاہور
(30 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب کے صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ
چولہے ٹھنڈے ہو گئے، بچے، بوڑھے، خواتین بغیر ناشتے کے کئی گھنٹے گزارنے پر مجبور ہیں۔
حکمرانوں نے موسم سرما میں گیس کے گھریلو صارفین کے لیے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا وعدہ پورا
نہیں کیا۔ گزشتہ روز مرکزی سیکرٹریٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک طرف گیس
غائب ہے دوسری طرف چولہے جلانے کا واحد ذریعہ مٹی کے تیل کو بھی 6 روپے فی لیٹر مہنگا
کرنے کی سمریاں تیار ہورہی ہیں۔ حکمران غریب عوام کی حالت زار پر رحم کھائیں اور غریب
سے زندہ رہنے کا حق مت چھینیں۔ بشارت جسپال نے کہا کہ موسم سرما میں کبھی اتنی بجلی
کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوئی جتنی آج ہورہی ہے۔ آج بھی شہروں میں 8 گھنٹے اور دیہات میں 10
سے 12 گھنٹے بجلی بند رہتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ وافر ذخائر کے باوجود چینی کی قیمتوں
میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ گزشتہ تین ماہ میں تین بار چینی کی قیمتیں بڑھیں۔ حیرت کی
بات یہ ہے کہ چینی کی قیمتوں میں اضافہ پر حکومتی اراکین اسمبلیوں میں مذمتی قراردادیں
لارہے ہیں اور نہ اپوزیشن والے؟انہوں نے مزید کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمتوں میں اضافہ
کی سمریاں منظور نہ کی جائیں اور گیس کے گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جائے۔ بشارت
جسپال نے کہا کہ حکمران سی پیک کے منصوبوں کے نشے میں اس حد تک مبتلا ہو چکے ہیں کہ
انہیں عام آدمی کے چولہے کے جلنے یا ٹھنڈا ہونے کا ذرا برابر بھی خیال نہیں رہا۔ انہوں
نے مزید کہا کہ عوامی تحریک کی طرف سے زہریلے دودھ کی روک تھام کیلئے جو تجاویز دی
گئی ہیں ان پر عملدرآمد کیا جائے اور اس گھناؤنے کاروبار میں ملوث عناصر کو کڑی سزا
دی جائے۔
تبصرہ