وزیراعظم یوتھ قرضہ سکیم سے مستفید ہونیوالوں کی فہرستیں منظر عام پر لائی جائیں:خرم نواز گنڈاپور
پورے ملک کے لیے بننے والی سکیم کی 71 فیصد رقوم پنجاب میں کہاں
خرچ ہوئیں، سامنے لایا جائے؟
شریف برادران کے قومی دولت کے امتیازی استعمال پر دیگر صوبے پنجاب کو گالی دیتے
ہیں، سیکرٹری جنرل PAT
لاہور (26 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ قرضوں سکیم کے تحت وزیراعظم نے اپنے حلقے کے بیروزگاروں کو نوازا۔ سٹیٹ بینک کی رپورٹ نے نام نہاد قرضہ سکیم کی شفافیت کو بے نقاب کر دیا۔ دہشت گردی اور بیروزگاری سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ بلوچستان کے لیے صرف 2 فیصد اور پنجاب کے لیے 71 فیصد قرضے وفاق پاکستان کو کمزور کرنے کا ایجنڈا ہے۔ وہ پیر کو یہاں پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے مرکزی صدر مظہر محمود علوی، مصطفوی سٹوڈنٹس موومنٹ کے مرکزی صدر چودھری عرفان یوسف اور دیگر یوتھ رہنماؤں سے گفتگو کررہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شریف برادران کی ہر سکیم ان کے اپنے پیاروں اور انتخابی حلقوں کے اردگرد گھومتی ہے۔ اگر وزیراعظم یوتھ قرضہ سکیم پورے پاکستان کے لیے تھی تو پھر 71 فیصد رقم پنجاب کے چند حلقوں میں کس میرٹ اور قانون کے تحت تقسیم ہوئی؟ انہوں نے کہا کہ دیگر صوبے شریف برادران کے انہی صوبائی عصبیت پر مبنی فیصلوں کی وجہ سے پنجاب کو گالی دیتے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پنجاب کے نام پر آنے والی رقم اور سکیمیں پورے پنجاب کے لیے نہیں ہوتیں۔ حکمران انہیں اپنے چند انتخابی حلقوں تک یاجی ٹی روڈ تک محدود رکھتے ہیں جبکہ پورے پاکستان کی نظر میں پنجاب کے عوام برے بنتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہ مطالبہ بھی کرتے ہیں کہ جن بیروزگاروں کو یہ قرضے دئیے گئے ان کی فہرستیں اخبارات کو فراہم کی جائیں تاکہ پڑھے لکھے نوجوان اور ہنر مند بیروزگار جان سکیں کہ یہ قرضے کن کو ملے؟ اور اس کا کیا میرٹ تھا؟ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ شریف برادران کے ناانصافی اور اقرباپروری پر مبنی فیصلے اور قومی دولت کا امتیازی استعمال نفرتیں پیدا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے طلباء کا یہ موقف سو فیصد درست ہے کہ سی پیک کا مرکز و محور بلوچستان اور گوادر ہے جبکہ ترقی کے شاندار منصوبے لاہور کی چند سڑکوں کی رونق بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے اور وزیراعظم کی تمام ویلفیئر سکیموں کو منظر عام پر لایا جائے۔
تبصرہ