کرپشن، نااہلی اور اقربا پروری نے قومی ادارے تباہ کر دئیے: عوامی تحریک
طیاروں کی حفاظت کیلئے کالے بکروں کی بجائے کالی بھیڑیں ذبح کی
جائیں: بشارت جسپال
پی آئی اے کو بچانے کیلئے کالے بکروں نہیں کرپٹ بکروں کا خون بہایا جائے
لاہور
(19 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ پی آئی
اے کو بچانا ہے تو کالے بکروں کی بجائے قومی ائیر لائن میں کالی بھیڑوں کو ذبح کیا
جائے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری ٹھیک کہتے تھے، حکمران بچ گئے تو پاکستان کی خیر نہیں۔ وہ
گزشتہ روز یہاں مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب بات بکروں کی قربانی تک آ چکی ہے۔ اگر پی آئی اے کے طیاروں کی حفاظت
کالے بکروں نے کرنی ہے تو پھر ماہانہ کروڑوں روپے تنخواہیں لینے والے انجنیئرز ٹیکنیشنز
اور دیگر فنی و تکنیکی عملہ کو فارغ کر دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ائر لائن
کو بچانے کیلئے کالے بکروں کا نہیں بلکہ کالی بھیڑوں اور ’’کرپٹ بکروں‘‘ کا خون بہایا
جائے اور انہیں فارغ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کو پیش آنے والے 17 حادثات
میں اب تک 689 جانیں ضائع ہوئیں۔ کسی بھی ائیر لائن کو پیش آنے والے حادثات کا یہ سب
سے بڑا عدد ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن، نا اہلی اور اقربا پروری نے قومی ادارے تباہ
کر دئیے، حکمرانوں کا یہ مخصوص طریقہ واردات ہے، انہوں نے جس قومی ادارے کو نیلام کرنا
ہو پہلے اس کی جی بھر کر بربادی کرتے ہیں پھر نیلامی کیلئے رکھ دیتے ہیں۔
تبصرہ