جسٹس فائز عیسیٰ کمیشن کی رپورٹ کا اردو ترجمہ کر کے عوام میں بانٹیں گے : عوامی تحریک
سانحہ کوئٹہ کمیشن کے حوالے سے 15سوال، ماڈل ٹاؤن کمیشن کی رپورٹ
جاری کیوں نہیں ہوتی؟
وزیر داخلہ نے کس کالعدم تنظیم کے سربراہ سے کس مقصد کیلئے کس کی اجازت سے ملاقات کی
؟سوال
ایکشن پلان کو ناکام بنانے میں کوئی ایک وزارت نہیں پوری حکومت ملوث ہے : خرم نواز
گنڈا پور، نور اللہ صدیقی
لاہور (16 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک نے جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کمیشن کی رپورٹ کا اردو ترجمہ کروا کر عوام میں بانٹنے کا اعلان کرتے ہوئے رپورٹ کے حوالے سے 14 سوالات کئے ہیں اور کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ نے نوازحکومت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نور اللہ صدیقی یہاں اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ رہنماؤں نے کہا کہ رپورٹ نے دہشتگردی کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کے موقف کی توثیق کر دی، ایکشن پلان کو ناکام بنانے میں کوئی ایک وزارت نہیں پوری حکومت ملوث ہے، ثابت ہو گیا کرپشن اور کمیشن کا گٹھ جوڑ توڑنے کے دعوے فقط بیانات کی حد تک تھے۔ ۔ عوامی تحریک کے رہنماؤں نے سانحہ کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ پر15 سوال کرتے ہوئے کہا کہ
- رپورٹ میں جن خامیوں اور مجرمانہ کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اس پر نوٹس کون لے گا؟
- قومی ایکشن پلان قومی اتفاق رائے سے تیار ہوا اس پر عملدرآمد کے حوالے سے حکومت نے مجرمانہ کردار ادا کیوں کیا؟
- دو سال گزرجانے کے بعد بھی نیکٹا کو مطلوبہ فنڈز اور اختیارات کیوں نہیں دئیے گئے اور نیکٹا نے ایک بھی اجلاس منعقد کیوں نہیں کیا۔ وزیر داخلہ نے کالعدم تنظیم کے سربراہ سے کس کے حکم اور کس مقصد کیلئے ملاقات کی؟
- وزیر داخلہ نے کالعدم تنظیم کے ارکان کے شناختی کارڈز کے حوالے سے مطالبات منظور کیوں کئے کیا اس فیصلے میں کابینہ شامل تھی۔
- حکومت نے آپریشن ضرب عضب شروع کرنے اور دہشتگرد تنظیموں پر پابندی عائد کرنے میں تاخیری ہتھکنڈے اختیار کیوں کئے؟
- وہ کونسی دہشتگرد تنظیم ہے جس پر آج کے دن تک پابندی عائد نہیں کی گئی جس کی نشاندہی کمیشن نے اپنی رپورٹ میں کی؟
- کمیشن کی نشاندہی کے مطابق حکومت دہشتگردی کے خاتمہ کی جنگ میں کشمکش کا شکار کیوں ہے؟
- حکومت نے انسداد دہشتگردی ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کالعدم تنظیموں کو سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت کیوں دے رکھی ہے؟
- حکومت انسداد دہشتگردی اور فروغ امن نصاب ترتیب دینے میں دو سال کے بعد بھی ناکام کیوں؟
- بار بار قوم کو یقین دہانیاں کروانے کے باجود مدارس کی رجسٹریشن و مانیٹرنگ کیوں نہیں ہوئی؟
- حکومت نے بلوچستان میں لاء اینڈ آرڈر کے نفاذ کے حوالے سے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیوں کر رکھا ہے؟
- حکومت نے دہشتگردانہ حملوں پر فرانزک معلومات اکٹھی کیوں نہیں کیں؟
- دہشتگردی کے کیسز پر فیصلے نہ ہونے کی راہ میں کیا رکاوٹیں ہیں؟
- جن دہشتگرد تنظیموں نے دہشتگردی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کی ان کا ریکارڈ حکومت کے پاس کیوں نہیں؟۔
- جس طرح سپریم کورٹ نے حکومت کی مزاحمت کے باوجود سانحہ کوئٹہ کمیشن کی رپورٹ جاری کرنے کا حکم دیا اسی طرح سا نحہ ماڈل ٹاؤن پر بننے والے جسٹس علی باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ جاری کرنے کا حکم کیوں نہیں دیا جا رہا۔
تبصرہ