ڈاکٹر طاہرالقادری کراچی سے لاہور پہنچ گئے
لاہور (06 دسمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کراچی سے لاہور پہنچ گئے، جہاں کارکنوں کی بڑی تعداد نے شاندار استقبال کیا۔ چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور و دیگر مرکزی رہنما بھی اس موقع پر موجود تھے۔ لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کرپشن پردوں میں چھپی نہیں رہی بلکہ کرپشن بے نقاب ہوگئی ہے۔ ثبوت کے طور پر جو لیٹر پیش کیا گیا ہے اس نے ثابت کر دیا ہے کہ حکمرانوں کے پاس کوئی لاء فل ذریعہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اداروں کا بڑا امتحان شروع ہو چکا۔ ایف آئی اے، نیب کرپشن کے خاتمے میں کردار ادا کریں۔ دنیا کے کسی ملک کے حکمران اتنے ننگے نہیں ہوئے جتنے پاکستان کے حکمران ننگے ہوئے۔ حکمرانوں نے پاکستان کو بدنام کر دیا، ناجائز کمائے ہوئے اربوں روپوں کو بچانے کے لیے جھوٹ پر جھوٹ بولتے جار ہے ہیں۔ ملک میں بدترین بادشاہت کا راستہ ہموار ہو رہا ہے۔ قصاص تحریک کے دوسرے اور تیسرے راؤنڈ کا اعلان مناسب وقت پر کروں گا۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ عوامی تحریک کی آف شور کمپنی تو کیا کوئی ان شور کمپنی بھی نہیں۔ میڈیا کا گلا گھونٹ کر اب صحافت کو سچ بولنے سے روکا جا رہا ہے۔ پیمرا نے حکمرانوں کے کہنے پر صحافتی دہشتگردی شروع کر رکھی ہے۔ قوم آنے والے بھیانک مستقبل کے خلاف اٹھ کھڑی ہو، گھر بیٹھ کر برے کو برا کہنے کی بجائے باہر نکلے۔ کوئی ایک لیڈر تبدیلی نہیں لا سکتا، پوری قوم کو ظلم اور ناانصافی کے خاتمے کے لیے باہر نکلنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ 2014 کے انقلاب مارچ میں صرف کارکن باہر نکلے، جبکہ عام آدمی گھر میں بیٹھا رہا۔ شہید و زخمی بھی کارکن ہی ہوئے، کراچی کا 3روزہ دورہ انتہائی مفید رہا، عوامی، سماجی حلقوں سے کراچی اور سندھ کے مسائل سنے۔ عوامی تحریک کو سندھ میں ری آگنائز کرنے کے 3زون میں تقسیم کر دیا۔ نشترپارک کے تاریخی جلسے میں ہزاروں کارکنان نے شرکت کر کے خوف اور دہشت کو مسترد کر دیا۔ اب اگلا جلسہ جناح گراؤنڈ کراچی میں کریں گے۔
تبصرہ