عوامی تحریک روایتی سیاسی تحریک نہیں، جدوجہد نظر یاتی ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری
آئندہ جلسہ باغ جناح کراچی میں کرنیکا اعلان، سندھ کو تین
تنظیمی زونز میں تقسیم کر دیا
سانحہ ماڈل ٹاؤن اور انقلاب مارچ میں گولیاں پیٹھ پر نہیں سینوں پر کھائیں: سربراہ
عوامی تحریک
جب چاہیں جس جگہ چاہیں جلسہ، دھرنا یا کوئی بھی احتجاجی تحریک چلا سکتے ہیں: کراچی
میں ورکرز کنونشن سے خطاب
لاہور (5 دسمبر 2016) سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری نے کہا ہے کہ نہ ہماری تحریک روایتی ہے نہ کارکن، ہماری جدوجہد ایک نظریئے پر ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا آئندہ جلسہ باغ جنا ح میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا، سندھ کو تین تنظیمی زونز جس میں اپر سندھ، لوئر سندھ اور کراچی شامل ہیں میں تقسیم کر کے الگ الگ صدر منتخب کر دئے۔ نو منتخب صدور کو تنظیم سازی کا ہدف دے دیا۔ ان خیالات انہوں نے طارق روڈکراچی میں سندھ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ورکرز کنونشن میں چیئرمین سپریم کونسل منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈاکٹر حسن محی الدین القادری، سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور، امیر تحریک منہاج القرآن کراچی قاضی زاہد حسین، صدر پاکستان عوامی تحریک کراچی صفدر قریشی، راؤ کامران محمود، نور اللہ صدیقی، الیاس مغل، قیصر اقبال قادری، لیاقت حسین کاظمی، سید ظفر اقبال، اطہر جاوید صدیقی، عدنان رؤف انقلابی، نعیم انصاری، مشتاق صدیقی، رانی ارشد، فوزیہ جنید، چمن فاطمہ، فیضان کلیم، عرفان یوسف، فہیم خان، شاہد ملک، منیبہ نصیر، شگرف کمال سمیت بہت بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کراچی میں ہونے والی عظیم الشان سیرت النبی ﷺ و قیام امن کانفرنس کی کامیابی پر کارکنان کو خصوصی مبارکباد دی۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انتہا پسندی، کرپشن، استحصال کا خاتمہ اورامن کا فروغ ہمارا مشن ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان جیسے جانثار کارکن دنیا کی کسی تحریک کے پاس نہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں سے حساب لیکر رہیں گے۔ سانحہ ماڈ ل ٹاؤن کے قاتلوں کا انجام پھانسی کا پھندا ہے۔ عوامی تحریک کے کارکنان نے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور انقلاب مارچ میں گولیاں پیٹھ پر نہیں سینوں پر کھائی ہیں۔ ہمارے کارکنان جرات و بہادری کے وہ غازی ہیں جنہوں نے 14 لاشے بھی اٹھائے مگر لاکھوں کی تعداد میں اسلام آباد پہنچے۔ کنٹینرز اور رکاوٹیں، پولیس، ریاستی جبر، ظلم ہمارا راستہ نہ روک سکے ہیں نہ روک سکیں گے۔ جب چاہیں جس جگہ چاہیں جلسہ، دھرنا یا کوئی بھی احتجاجی تحریک چلا سکتے ہیں۔ ہمارے کارکنان اور دیگر جماعتوں کے کارکنان میں زمین آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے کارکن پیسوں کیلئے نہیں انقلاب کیلئے قربانیاں دیتے آئے ہیں اور دیتے رہیں گے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ انقلابی کارکن کی ڈکشنری میں مایوسی کا لفظ نہیں ہے ہمارا کارکن کبھی مایوس نہیں ہوتا بلکہ منزل کے حصول کیلئے ہر وقت سرگرداں رہتا ہے۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے اندرون سندھ سے آئے ہوئے کارکنان سے بھی ملاقات کی۔
تبصرہ