بلوچستان پسماندہ نہیں، نااہل حکمرانوں نے اسے لا وارث صوبہ بنا دیا ہے: عوامی تحریک
پسماندہ صوبہ بلوچستان آج ملکی خوشحالی کا گیٹ وے بنا ہوا ہے : احمد نواز انجم
حکمران ہوش کے ناخن لیں، بلوچ عوام کی مایوسی ختم کر کے انہیں مطمئن کریں: وفد سے گفتگو
لاہور (22 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی رہنما احمد نواز انجم نے کہا
ہے کہ بلوچستان کے محب وطن عوام پاکستان کی خوشحالی، استحکام اور بقا کی جنگ لڑ رہے
ہیں۔ بلوچستان غریب اور پسماندہ صوبہ نہیں ہے۔ اس صوبے کے لوگوں کو دو وقت کی روٹی
میسر ہے، لوگ بھوکے نہیں ہوتے جبکہ دیگر صوبوں میں کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے
زندگی بسر کر رہے ہیں۔ پنجاب میں غربت اور بے روزگاری کا یہ عالم ہے کہ کئی گھروں
میں چولہا صرف دن میں ایک مرتبہ جلتا ہے۔ بلوچستان کو اللہ تعالیٰ نے دنیا کی طویل
ترین ساحلی پٹی سے نواز اہے۔ صوبے کی آبادی کم اور وسائل بہت زیادہ ہیں۔ قدرتی
وسائل سے مالا مال بلوچستان میں دہشتگردی اور پسماندگی کے ذمہ دار نالائق حکمران
ہیں۔ بلوچستان سے متعلق غیر ملکی مداخلت پر وزیر اعظم کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان سے آئے عوامی تحریک کے وفد، مختلف سیاسی، سماجی رہنماؤں سے مرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں بختیار احمد بلوچ، سید سبحان شاہ، الہی بخش باروی، حافظ حامد بلوچ ایڈووکیٹ، محمد سلیم خان بلوچ اور چاغی، خضدار کوئٹہ اور پشین سے آئے سیاسی سماجی رہنماء شامل تھے۔ جبکہ اس موقع پر عوامی تحریک کے دیگر رہنماء ساجد بھٹی، بشیر خان لودھی، جواد حامد اور سید امجد علی شاہ بھی موجود تھے۔ احمد نواز انجم نے کہا کہ ملک کی خوشحالی کا راستہ بلوچستان سے نکلتا ہے، مگر حکمرانوں کی نااہلیوں نے اسے گھمبیر مسائل سے دوچار کر دیا ہے۔ بلوچ عوام کی ترقی و خوشحالی حکمرانوں کی ترجیحات میں شامل نہیں۔ قیام امن اور تحفظ کے حوالے سے بلوچ عوام کی مایوسی کو ختم کر کے انہیں مطمئن کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان غریب اور لا وارث صوبہ نہیں ہے بلکہ پاکستان کا مستقبل ہے۔ صوبے میں امن و امان کا قیام، کرپشن کا خاتمہ اور گڈ گورننس کی ضرورت ہے جو موجودہ حکمرانوں کے بس کی بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچ عوام مہربان، مہمان نواز اور محب وطن پاکستانی ہیں۔ نالائق، نااہل اور کرپٹ حکمرانوں نے بلوچستان کو لاوارث صوبہ بنا دیا ہے۔ بلوچیوں کا دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتا ہے اگر ویثرن رکھنے والی ایماندار جرات مند قیادت مل جائے تو اکیلا بلوچستان پورے پاکستان کو پال سکتا ہے، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری بلوچ عوام کو درپیش مسائل سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے منہاج ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام چلنے والے فلاحی منصوبوں کا مرکز آئندہ بلوچستان کے پسماندہ علاقہ جات کو بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تعلیمی منصوبوں اور صاف پانی کی فراہمی جیسے منصوبوں میں بلوچستان کے غریب بہن بھائیوں کیلئے خصوصی توجہ دی جائے گی۔
احمد نواز انجم نے سانحہ درگاہ شاہ نورانی میں دہشتگردی میں شہید ہونیوالوں کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی، زخمیوں اور شہدا کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ اندوہناک سانحہ نے پورے ملک کی فضا کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کربلا تفریق رنگ و نسل بلوچ عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔ دہشتگردی کی روک تھام کیلئے پولیس فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہو گا تا کہ قیام امن کے حوالے سے بہتر نتائج سامنے آ سکیں۔
تبصرہ