آرمی چیف کی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے خدمات قابل قدر ہیں، خرم نواز گنڈا پور
نئے آرمی چیف کے لیے قومی ایکشن پلان پر عمل، سرل لیکس، پنجاب میں رینجرز آپریشن اہم چیلنجز ہونگے
لاہور (21 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی بطورآرمی چیف خدمت قابل تحسین ہیں، آپریشن ضرب عضب شروع کرنا ان کا جرات مندانہ اقدام ہے، اسی آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر ٹوٹی اور امن و امان میں بہتری آئی، نئے آرمی چیف کے لیے قومی ایکشن پلان پر عمل درآمد کروانا، کرپشن اور دہشت گردی کے گٹھ جوڑ کو توڑنا، سرل لیکس اور فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع اور پنجاب میں رینجرز آپریشن اہم چیلنجز ہوں گے، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے ورثاء کی آخری لمحے تک یہ امید قائم رہے گی کہ انہیں انصاف بشکل قصاص ملے، وہ پارٹی عہدیداروں اور اخبار نویسوں سے گفتگو کر رہے تھے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ قوم نے ہر قسم کے سیاسی اور جماعتی مفادات سے بالا ہو کر آپریشن ضرب عضب اور قومی ایکشن پلان کو سپورٹ کیا، افواج پاکستان نے جانوں کے نذرانے دیکر امن قائم کرنے کے عزم کو پورا کیا جبکہ سیاسی ایوانوں میں قومی ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل در آمد نہ ہونا بد قسمتی ہے۔ خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ جب تک کرپشن اور دہشتگردی کا گٹھ جوڑ نہیں ٹوٹے گا دہشت گردوں کا صفایا نہیں ہوگا اور جب تک موجودہ حکمران مسلط ہیں کرپشن اور دہشتگردی دونوں کا جڑ سے صفایا نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن جیسے واقعات روکنے کے لیے قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کو کیفر کردار تک پہنچانا ہوگا۔
تبصرہ