ڈاکٹر طاہرالقادری کی پارٹی آئین کو عصری تقاضوں کے مطابق بنانے کی ہدایت
پارٹی آئین میں چیئرمین کشمیر کمیٹی اور آڈیٹر کا آئینی عہدہ شامل
کرنے کی تجویز
پاکستان عوامی تحریک کے آئین پر نظر ثانی کا کام آخری مرحلے میں داخل ہو گیا، سیکرٹری
اطلاعات
لاہور
(18 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے پارٹی آئین پر نظر ثانی کیلئے قائم کمیٹی نے
اپنی سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے۔ نظر ثانی شدہ مسودہ کی حتمی منظوری سنٹرل کور کمیٹی
اور چیئرمین عوامی تحریک دینگے۔ کرپشن کے خاتمے اور ہر سطح پر مالیاتی ڈسپلن یقینی
بنانے کیلئے آڈیٹر کا آئینی عہدہ، چیئرمین کشمیر کمیٹی اور فارن، زراعت، صنعتی، تعلیم
صحت کی کمیٹیوں کے چیئرمین بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ گزشتہ روز دستور پر نظر ثانی
کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں خرم نواز گنڈاپور، انوار اختر ایڈووکیٹ، ساجد محمود بھٹی،
اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ، نوراللہ صدیقی، قاضی فیض الاسلام نے شرکت کی اور پارٹی آئین
کا شق وار جائزہ لیا گیا۔
پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ پارٹی آئین کو عصری تقاضوں کے مطابق بنایا جائے۔ کمیٹی کے ممبر اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات نوراللہ صدیقی نے بتایا پارٹی آئین کے نظر ثانی شدہ مسودہ کی حتمی منظوری سنٹرل کور کمیٹی اور چیئرمین عوامی تحریک دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی آئین کی تیاری کے ضمن میں معروف وکلاء کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ عوامی تحریک کو حقیقی معنوں میں ایک انقلابی جمہوری، فلاحی سیاسی جماعت کے قالب میں ڈھالنے کیلئے سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہرالقادری کی ہدایات کی روشنی میں پارٹی آئین پر نظر ثانی کی جارہی ہے۔ کمیٹی نے اپنا 85 فیصد کام مکمل کر لیا ہے۔


تبصرہ