’’ ڈیموکریٹس‘‘ پاکستان کے الیکشن کمیشن کی خدمات حاصل کر لیتے تومخالف کی ضمانت ضبط ہو جاتی۔ ڈاکٹر طاہر القادری
جہاں ملکی سلامتی کو انصاف نہ ملے وہاں عوام کو کیا ملے گا؟ سربراہ عوامی تحریک
لاہور (10 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ امریکہ کے’’ ڈیموکریٹس‘‘ پاکستان کے الیکشن کمیشن کی خدمات حاصل کر لیتے تو نہ صرف انکی فتح یقینی تھی بلکہ مخالف امیدوار کی ضمانت بھی ضبط ہو جاتی اور اس کے ساتھ ساتھ امریکہ کی تمام ایجنسیاں مل کر بھی دھاندلی کے کوئی ثبوت بھی سامنے نہ لا پاتیں۔ وہ گذشتہ روز پاکستان عوامی تحریک کی کور کمیٹی کے ممبران سے گفتگو کر رہے تھے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پانامہ لیکس ہو یا نیوز لیکس کسی کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا، کلین چٹیں اور لانڈری تیار ہے، پانامہ اور نیوز لیکس کے جتنے بھی داغ دھبے ہیں سب دھل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جسٹس (ر) عامر رضا کی یہ ہمت اور حوصلہ ہے کہ پوری قوم اور اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے مستر د کئے جانے اور پنجاب اسمبلی میں مخالفت میں قرار دار کے پیش ہونے کے باوجود وہ نیوز لیکس کے معاملے کی چھان بین کریں گے۔
ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ یہ فیصلہ دو ووٹوں کے مقابلے میں پانچ ووٹوں کی بھاری اکثریت کے ساتھ سنایا جائے گا۔ یہ صرف ریٹائرڈ جسٹس کی ہمت نہیں بلکہ حکمرانوں کی ڈھٹائی اور ملکی سلامتی کے اداروں کا صبراور ہمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس حکومت کے ہوتے ہوئے ملکی سلامتی کو انصاف نہ مل سکے وہاں عوام کو کیسے انصاف ملے گا؟
تبصرہ