عوامی تحریک کو موثر، سیاسی، عوامی قوت بنانے کے لیے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں
صوبائی صدر کی زیر صدارت اجلاس، مریضوں کی اموات پر اظہار
تشویش، یوم اقبال کی چھٹی منسوخ کرنے پر مذمت
ضلعی وتحصیلی سطح پر ورکرز کنونشنز منعقد کرنے کا فیصلہ، قصاص تحریک کے دوسرے راؤنڈ
کا اعلان ڈاکٹر طاہرالقادری کرینگے
لاہور (7 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک سینٹرل پنجاب کا ہنگامی اجلاس صوبائی صدر بشارت جسپال کی زیر صدارت مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوامی تحریک کو ایک متحرک سیاسی قوت بنانے کے لیے عہدیدار صوبہ گیر دورے کریں گے۔ رابطہ کار کن مہم شروع کی جائے گی۔ اجلاس میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر نو منتخب امریکی صدر کو مبارکباد دی گئی۔ اجلاس میں ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے میں ناکامی اور دو مریضوں کی اموات پر گہری تشویش کا اظہا رکرتے ہوئے پنجاب حکومت کی ناکام ہیلتھ پالیسی پر کڑی تنقید کی گئی۔
اجلاس میں شریک راہنماؤں نے کہا کہ پنجاب حکومت آٹھ سال میں بھی مریض اور ڈاکٹرز کے مسائل کے حل میں ناکام رہی۔ پنجاب حکومت کی کوئی ہیلتھ پالیسی ہے اور نہ ہی شہباز حکومت کے پاس فل ٹائم وزیر صحت۔ جنرل سیکرٹری پنجاب مشتاق نوناری ایڈووکیٹ، راجہ زاہد محمود سیکرٹری اطلاعات پنجاب میاں عبد القادر، عارف چوہدری، میاں ریحان مقبول، قاضی مظہر فرید، آصف سلہریا ایڈووکیٹ، چوہدری افضل گجر، فرزند مشہدی ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب کیا۔
بشارت جسپال نے کہا کہ اب عوام کی نظریں ڈاکٹر طاہرالقادری اور پاکستان عوامی تحریک پر ہیں۔ ظالم اور جابر اقتدار کے خاتمے کے لیے عوامی تحریک فیصلہ کن کردار کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ سربراہ عوامی تحریک پاکستان آ رہے ہیں، ان کی آمد پر سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے قصاص کے لیے دوسرے راؤنڈ کا اعلان ہوگا۔ تنظیموں کو متحرک کر نے کے لیے مشتاق نوناری ایڈووکیٹ کی زیر صدارت پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عہدیدار ہر ضلع اور تحصیل کے طوفانی دورے کریں گے، جہاں ضلع اور تحصیل کی سطح پر ورکرز کنونشنز بھی منعقد کیئے جائیں گے۔ اجلاس میں عوامی تحریک کی ممبر شپ کے حوالے سے بھی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں حکیم الامت علامہ محمد اقبال کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی اور نام نہاد مسلم لیگی حکومت کی طرف سے یوم اقبال پر چھٹی نہ کرنے کے فیصلہ پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اسے نئی نسل کو فکر اقبال سے دور کرنے کے حوالے سے بھونڈی حرکت قرار دیا گیا۔
تبصرہ