وزیراعظم کا کہوٹہ میں خطاب ایک شکست خوردہ شخص کا واویلا ہے : خرم نواز گنڈا پور کا ردعمل
ترقیاتی منصوبوں کے جھوٹے اعلان وزیراعظم کو انجام سے نہیں بچا
سکیں گے: سیکرٹری جنرل عوامی تحریک
حکمران جماعت کے سینیٹر مائنس ون فارمولے کی تجاویز دے رہے ہیں
لاہور (4 نومبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے وزیراعظم کے کہوٹہ میں جلسے سے خطاب کے ردعمل میں کہاکہ وزیراعظم کا کہوٹہ میں خطاب ایک شکست خوردہ شخص کا واویلا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کے جھوٹے اعلانات وزیراعظم کو انجام سے نہیں بچا سکیں گے۔ عوام صرف یہ جاننا چاہتے ہیں ماڈل ٹاؤن میں 14 شہریوں کو قتل کیوں کیا، ملکی دولت آف شور کمپنیوں میں کیوں چھپائی اور فوج کو بدنام کرنے کیلئے ’’سٹوریاں پلانٹ‘‘ کیوں کیں۔ انہوں نے اپنے ردعمل میں کہا کہ قومی خزانے کو شخصی مفادات کیلئے استعمال کرنا غیر قانونی ہے وزیراعظم ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات اس طرح کرتے ہیں جیسے وہ اپنی جیب سے ادائیگی کر رہے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اپنی پارٹی کے سینیٹر ظفر علی شاہ کہہ رہے ہیں کہ وزیراعظم میاں نواز شریف متنازعہ ہو چکے ہیں وہ استعفیٰ دے کر کسی اور کو وزیراعظم بنائیں تاکہ پوری پارٹی سزا سے بچ سکے۔ حکمران جماعت کے سینیٹر مائنس ون فارمولے کی تجاویز دے رہے ہیں۔ آئندہ ملکی سیاست میں نواز شریف کا کوئی سیاسی کردار نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم ترقیاتی منصوبوں کے جھوٹے اعلانات کر کے اب زیادہ دیر قوم کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ شریف حکومت نے ادارے تباہ کر دئیے، ریلوے کے حادثات اور قیمتی جانوں کا ضیاع نا اہل حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔ انہوں کہاکہ وزیراعظم بھی نا اہل ہونگے اورانکے وزراء بھی جیلوں میں جائینگے۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک ظلم، ناانصافی اور کرپشن کے خاتمے کیلئے قصاص تحریک کے دوسرے راؤنڈ کا اعلان کرے گی۔
تبصرہ