پرویز رشید کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہو گا، کارروائی دکھاوا اور دھوکہ ہے : ڈاکٹر طاہرالقادری
رانا ثناء اللہ اور مشاہد اللہ کو بھی وزارتوں سے ہٹانے کے ڈرامے کئے جا چکے ہیں
چند ماہ بعد آب زم زم سے پاک صاف کر کے انہیں عہدوں پر بحال کر دیا جائے گا
جہاں سلامتی کے اداروں کے ساتھ دھوکے ہوں وہاں ملکی سلامتی کا اللہ حافظ ہے: سربراہ عوامی تحریک
لاہور(29 اکتوبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے حکومت کی طرف سے قومی سلامتی کے خلاف خبریں شائع کروانے کے معاملے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ پرویز رشید کے خلاف کوئی ایکشن نہیں ہو گا، کارروائی دکھاوا اور دھوکہ ہے۔ خبر ڈرافٹ کروانے والا چند ماہ بعد پرویز رشید کو آب زم زم سے پاک صاف کر کے دوبارہ وزارت پر بحال کر دے گا۔ رانا ثناء اللہ کو بھی سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں وزارت سے ہٹانے کا ڈرامہ کیا گیا تھا اور پھر بحال کر دیا گیا۔ مشاہد اللہ کو بھی فوج کے خلاف ایک انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کو انتہائی توہین آمیز الزام تراشی پر مبنی سازشی انٹرویو دینے کے بعد فوج کی طرف سے دباؤ آنے پر وزارت سے ہٹایا گیا تھا جو آج میاں نواز شریف کے ترجمان ہیں۔
سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ جہاں سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھی دھوکہ دہی ہو وہاں ملکی سلامتی کا اللہ حافظ ہے۔ حالت یہ ہو گئی ہے کہ ملکی سلامتی کے اداروں کے ساتھ بھی گھناؤنے کھیل کھیلے جا رہے ہیں اور اس پر کوئی نشان عبرت نہیں بنتا۔ سوال یہ ہے کہ مسلسل سلامتی پر حملے کرنے والا ماسٹر مائنڈ کو کٹہر ے میں کھڑا کیوں نہیں کیا جاتا، اسکے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی میں کیا رکاوٹ ہے ؟ کیا اب بھی ثبوت درکار ہیں؟
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری انٹرنیشنل کانفرنس میں شرکت کیلئے لندن سے مراکش پہنچ گئے، مراکو ائر پورٹ پر مقامی تنظیمی عہدیداروں، پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی ممتاز شخصیات نے انکا ائیر پورٹ پر پر تپاک استقبال کیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کراچی میں مجلس پر ہونیوالی فائرنگ کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے فرقہ واریت کو ہوا دینے کی سازش قرار دیا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے جاں بحق ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہاکہ معصوم انسانی جانوں سے کھیلنے والے درندوں کو فوری گرفتار کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔
تبصرہ