وزیراعظم نے پانامہ لیکس پر خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کیا مگر پیش نہیں ہوئے: ڈاکٹر طاہرالقادری
ایف آئی اے ہو، سٹیٹ بنک ہو، نیب ہو یا الیکشن کمشن ہر جگہ حکمرانوں کے ملازم ہیں، سربراہ عوامی تحریک
لاہور (30 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے پانامہ لیکس کے حوالے خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کیا مگر پیش نہیں ہوئے، اثاثے بھی چھپائے اور ماڈل ٹاؤن میں بے گناہوں کو قتل بھی کیا مگر تمام اداروں میں ایف آئی اے ہو، سٹیٹ بنک ہو، نیب ہو یا الیکشن کمشن ہر جگہ ان کے ملازم ہیں۔ کوئی ادارہ ان قاتل اور کرپٹ حکمرانوں کے خلاف ایکشن نہیں لیتا، کوئی ادارہ آزاد نہیں ہے۔ ہمیں دو تین ذرائع سے اطلاعات ملیں کہ ماڈل ٹاؤن مقدمے کو ڈی فیوز کرنے کیلئے اگر عوامی تحریک نے علامتی شرکت کا بھی اعلان کیا تو انکا پلان تھا 5، 7 آدمیوں کی لاشیں گرا دی جائیں اور الزام عوامی تحریک کے کارکنوں پر لگا دیا جائے، انہوں نے کہاکہ ہم نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں درخواست دائر کی کہ جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کو استغاثہ کی کارروائی کا حصہ بنایا جائے تاکہ معزز جج کو فیئر ٹرائل کے حوالے سے مدد مل سکے، ہماری یہ درخواست بھی مسترد کر دی گئی شریف برادران کی ملکی سلامتی کے خلاف اور شوگر ملوں میں بھارتیوں کے کام کرنے کے حوالے سے جو ثبوت دئیے تھے وہ تسلی بخش تھے اگر کوئی کارروائی کرنا چاہے تو یہ بڑے آرام سے قابو میں آ جائیں گے۔ یہ حکمران ہمارے ثبوتوں کے خلاف عدالت میں جانے کی جرات نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہاکہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قصاص، پانامہ لیکس کے معاملے پر تمام جماعتوں کے ساتھ ہیں ساری اپوزیشن کا مطالبہ رہا ہے کہ شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔
تبصرہ