حکمران موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کے ساتھ بھی جھوٹ بولتے ہیں۔ بشارت جسپال
بجٹ میں 30 کروڑ کے اعلان کے باوجود وزیر اعلیٰ نے لیور ٹرانسپلانٹ
کے مریضوں کیلئے ایک پائی نہیں دی
حکومت کے اکاؤنٹ میں جاتی امراء کی حفاظت کیلئے اربوں، غریب مریضوں کیلئے کچھ نہیں،
صدر پنجاب عوامی تحریک
لاہور
(26 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے صوبائی صدر بشارت جسپال نے کہا ہے کہ وزیر
اعلیٰ پنجاب نے رواں مالی سال کے بجٹ میں لیور ٹرانسپلانٹ کے مریضوں کیلئے 30 کروڑ
روپے مختص کرنے کا اعلان کیا مگر تا حال ایک پائی جاری نہیں کی، جس کی وجہ سے شیخ زید
ہسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ کے 49 مریض موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ حکومت کے
اکاؤنٹ میں جاتی امراء کی حفاظت، میٹرو بسوں، اورنج ٹرینوں اور سڑکوں، چوراہوں کی تزئین
و آرائش کیلئے اربوں کھربوں روپے ہیں مگر غریب پاکستانی شہریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے
پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب لیور ٹرانسپلانٹ کے مریضوں
کی زندگی بچانے کیلئے فوری طور پر 30 کروڑ روپے کی رقم جاری کریں جس کا اعلان انہوں
نے رواں سال کے بجٹ میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں عالمی معیار کے مطابق
لیور ٹرانسپلانٹ کی سہولت دستیاب ہے اور شیخ زید ہسپتال کے ہونہار ڈاکٹرز ناکافی وسائل
اورسہولتوں کے باوجود کامیاب آپریشن کر رہے ہیں، جس کی حوصلہ افزائی ہونی چاہیے۔ انہوں
نے کہا کہ یہ بات بھی افسوسناک ہے کہ شیخ زید کے لیور ٹرانسپلانٹ کے شعبے کیلئے جو
128 پیرا میڈیکل سٹاف بھرتی کیا گیا تھا اسے بھی دیگرشعبہ جات میں ٹرانسفر کر دیا گیا
جو پنجاب حکومت کا ایک مریض دشمن رویہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
تبصرہ