ن لیگ تشدد پسند اور دہشت گردوں کی سرپرست جماعت ہے: عوامی تحریک
کوئی جمہوری جماعت اپنے کارکنوں کے ہاتھ میں ڈنڈے اور بندوقیں نہیں دیتی
رینجرز کو آپریشن کرنے سے کیوں روکا جارہا ہے؟ بشارت جسپال، فیاض وڑائچ، سردار شاکر مزاری
لاہور
(19 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سینئر رہنماؤں بشارت جسپال، فیاض وڑائچ اور
سردار شاکر مزاری نے کہا ہے کہ ن لیگ تشدد کو ہوا دے رہی ہے۔ کارکنوں کے ہاتھوں میں
ڈنڈے اور بندوقیں دینا کسی جمہوری جماعت کا شیوہ نہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا یہ کہنا
میڈیا کی رپورٹس نے سچ ثابت کر دیا کہ ن لیگ ایک انتہا پسند اور دہشت گردوں کی سرپرست
جماعت ہے۔ ن لیگ کی قیادت کے ہاتھ ہزاروں سیاسی کارکنوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں،
جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے اور انہیں قتل تک کردینے میں رنگے ہوئے ہیں۔ رہنماؤں نے
کہاکہ شریف برادران ملک میں خون خرابہ اور خانہ جنگی کروانا چاہتے ہیں۔ قوم ان سے پانامہ
لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کا انصاف مانگتی ہے تو بدلے میں یہ ڈنڈا بردار فورس سے دہشت
زدہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ن لیگ بندوق اور دو نمبر کی کمائی سے الیکشن جیتتی ہے اور
بندوق کے زور پر ہی حکومت کررہی ہے۔
بشارت جسپال نے کہا کہ میں دعویٰ سے کہتا ہوں کہ جن کے ہاتھوں میں ڈنڈے دئیے جارہے ہیں وہ طالبان، القاعدہ، لشکر جھنگوی اور دیگر کالعدم تنظیموں کے تربیت یافتہ لوگ ہیں اور اس عسکری ونگ کا سربراہ صوبائی وزیر قانون ہے۔ یہی ڈنڈا بردار عناصر بھتہ خوری، قبضوں، منشیات فروشی، سٹریٹ کرائم اور سیاسی مخالفین کو قتل کرنے کیلئے استعمال کیے جاتے ہیں اور پھر بھتے، لوٹ مار کی رقم چندے کے نام پر ن لیگ کے پارٹی فنڈ میں جمع ہوتی ہے۔
سردار شاکر مزاری نے کہا کہ ایک منصوبہ بندی کے تحت رینجرز کو پنجاب میں آپریشن کی اجازت نہیں دی جارہی۔ شریف برادران سمجھتے ہیں کہ اگر رینجرز کو آپریشن کی اجازت مل گئی تو پھر ن لیگ کے افراد کے گھروں اور ڈیروں سے دہشت گردوں، اشتہاریوں کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی کی خبریں ہر روز میڈیا کی زینت بنیں گی۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز کو آپریشن کی اجازت نہ دے کر درجہ اول کے دہشت گردوں کو بھگایا جارہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکنوں کے ہاتھ میں ڈنڈے اور اسلحہ دینے والے ملک اور جمہوریت کے دشمن ہیں اور اپنے مذموم سیاسی مقاصد کیلئے تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔
تبصرہ