قصاص تحریک ملک اور عوام دشمن حکمرانوں کو انجام تک پہنچائے گی: خرم نواز گنڈاپور
احتجاجی تحریک کے دوسرے راؤنڈ کا اعلان کارکنوں اور اتحادیوں کی
مشاورت سے ہو گا
ڈاکٹر طاہرالقادری کے سوالات کا حکمرانوں کے پاس کوئی جواب نہیں، سیکرٹری جنرل PAT
لاہور
(5 ستمبر 2016) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ
قصاص و سالمیت پاکستان تحریک ملک اور عوام دشمن شریف حکومت کو انجام تک پہنچائے گی۔
احتجاجی تحریک کے دوسرے راؤنڈ کا اعلان کارکنوں اور اتحادیوں کی مشاورت سے ہو گا۔ ڈاکٹر
طاہرالقادری کے سوالات کا حکمرانوں کے پاس کوئی جواب نہیں۔ ستمبر حکمرانوں کیلئے تلخ
ہو گا۔ ستمبر کے بعد خوشامد ی ٹولہ بھی آل شریف کے جرائم کا دفاع کرنے کیلئے نظر نہیں
آئے گا۔ وہ پاکستان عوامی تحریک کے ونگز کے صدور و جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب
کر رہے تھے۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے بھارتی افراد کے حکمران
خاندان کی ملز میں کام کرنے کے حوالے سے راولپنڈی کے احتجاجی مارچ میں جو حقائق قوم
کے سامنے رکھے پوری عوامی تحریک اس پر سٹینڈ کررہی ہے۔ وزیراعظم خود وزیر خارجہ ہیں،
پنجاب میں انکے بھائی وزیر اعلیٰ ہیں اس لئے کسی ادارے کی جرات نہیں کہ وہ بھارتیوں
کی آمد و رفت کو چیک کر سکے، ہمارے پاس ثبوت ہیں۔ ڈاکٹر طاہرالقادری نے چند بھارتیوں
کے نام بتائے پوری فہرست بھی ہماری پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران قاتل ہی نہیں عوام
دشمن بھی ہیں۔ 2015 میں اووربلنگ کر کے بجلی کے صارفین سے 65 ارب لوٹے گئے صرف اگست
کے مہینے میں چینی کی قیمتوں میں اضافہ کر کے 5ارب روپے لوٹے گئے۔ اب پٹرولیم مصنوعات
پر جی ایس ٹی میں غیر قانونی اضافہ کر کے غریب عوام اور کسانوں کی کھال اتاری جائے
گی۔ جی ایس ٹی میں اضافہ کرنے کا اختیار صرف پارلیمنٹ کو ہے مگر حکمران کسی قانون،
اخلاقیات اور پارلیمنٹ کو نہیں مانتے۔ ہم ان کے ملک اور عوام دشمن اقتدار کے خلاف آخری
سانس تک لڑیں گے۔


تبصرہ